پیر, اپریل ۲۱, ۲۰۲۵
21.8 C
Srinagar

سری نگر-جموں قومی شاہراہ پر دوسرے روز بھی ٹریفک معطل

سری نگر: جموں و کشمیر کو ملک کے دیگر حصوں سے جوڑنے والی اہم ترین شاہراہ، جموں-سری نگر قومی شاہراہ پر شدید بارشوں کے بعد مٹی کے تودے گرنے کے باعث آج مسلسل دوسرے روز بھی ٹریفک کی آمدورفت معطل رہی۔ انتظامیہ نے مسافروں کو مشورہ دیا ہے کہ وہ تاحکم ثانی سفر سے گریز کریں۔محکمہ ٹریفک کے مطابق، بارشوں کے باعث رامبن، بانہال، پنتھیال، اور رامسو کے مقامات پر مٹی کے تودے اور بھاری برکم پتھر گر آنے کے نتیجے میں شاہراہ کو مکمل طور پر بند کر دیا گیا ہے۔انہوں نے کہا کہ بارڈر روڈز آرگنائزیشن کے اہلکار شاہراہ کی صفائی اور بحالی میں مصروف ہیں۔

ٹریفک پولیس کے ایک اعلیٰ افسر نے "یو این آئی” کو بتایا،”سری نگر-جموں شاہراہ پر فی الحال ٹریفک کی کسی بھی قسم کی نقل و حرکت کی اجازت نہیں دی جائے گی۔ عوام الناس سے گزارش ہے کہ وہ سفر کا ارادہ مؤخر کریں اور سرکاری ہدایات پر عمل کریں۔”شاہراہ کی بندش سے جہاں اشیائے ضروریہ کی رسد متاثر ہو رہی ہے، وہیں وادی کشمیر سے جموں یا بیرون ریاست جانے والے مسافر، مریض اور طلبہ شدید پریشانی کا شکار ہیں۔علاوہ ازیں، شاہراہ سے منسلک دیہاتوں کے لوگوں کو بھی آمدورفت اور بنیادی ضروریات کی ترسیل میں دشواریوں کا سامنا ہے۔انتظامیہ نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ روزانہ جاری کی جانے والی ٹریفک ایڈوائزری پر نگاہ رکھیں اور بلا ضرورت سفر سے گریز کریں۔

Popular Categories

spot_imgspot_img