سری نگر: انسپکٹر جنرل آف پولیس (آئی جی پی) کشمیر زون وی کے بردی نے جمعرات کو یہاں پولیس کنٹرول روم (پی سی آر) میں عید الفطر اور شری امرناتھ جی یاترا سے قبل ایک مشترکہ سیکورٹی جائزہ میٹنگ کی صدارت کی۔
میٹنگ میں جموں و کشمیر پولیس، انٹلی جنس ایجنسیوں اور مختلف سیکورٹی فورسز کے سینئر افسران نے شرکت کی۔
ایک پولیس ترجمان کی طرف سے جاری ایک بیان میں کہا گیا کہ میٹنگ میں خصوصی طور پرآنے والے تہواروں بالخصوص عید الفطر اور شری امرناتھ جی یاترا کے پیش نظر حفاظتی انتظامات کا جائزہ لینے پر توجہ مرکوز کی گئی۔
انہوں نے کہا کہ میٹنگ کے دوران عوامی سلامتی ، امن و امان کو یقینی بنانے اوربڑے پپیمانے پر منائے جانے والے ان تہواروں کی آسانی سے انجام دہی کو یقینی بنانے پر بات چیت ہوئی۔
بیان میں کہا گیا کہ عید الفطر کے قریب آنے کے پیش نظر، جس میں عام طور پر وادی کشمیر کی مساجد میں رات کی نماز اور دیگر مذہبی تقریبات کے لیے بڑے اجتماعات ہوتے ہیں، آئی جی پی کشمیر نے ہجوم پر قابو پانے کے موثر انتظام کے لئے واضح ہدایات جاری کیں۔
انہوں نے کہا کہ موصوف آئی جی پی نے زیادہ ہجوم کو روکنے، عوامی تحفظ کو یقینی بنانے اور وادی بھر میں تقریبات کے منظم انعقاد کو یقینی بنانے کے لیے مناسب حفاظتی اقدامات کی ضرورت پر زور دیا۔
انہوں نے انٹری اور ایگزٹ پوائنٹس کو کنٹرول کرنے، اسٹریٹجک مقامات پر اہلکاروں کو تعینات کرنے اور بغیر کسی رکاوٹ کے ایونٹ کوآرڈینیشن کے لیے مقامی کمیونٹی لیڈروں کے ساتھ تعاون کرنے کے لیے مخصوص ہدایات دیں۔
بیان میں کہا گیا کہ افسران کو تہواروں کے دوران کسی بھی ممکنہ خطرے کو کم کرنے کے لیے چوکسی بڑھانے، حساس مقامات پر چیکنگ کرنے اور حفاظتی گشت بڑھانے کی ہدایت دی گئیں۔
پولیس بیان کے مطابق تہواروں کی تیاریوں کے علاوہ میٹنگ میں آنے والی شری امرناتھ جی یاترا پر بھی توجہ مرکوز کی گئی جس میں ہر سال ہزاروں یاتری آتے ہیں۔
آئی جی پی کشمیر نے لاجسٹک انتظامات، روٹ سیکورٹی اور ایمرجنسی رسپانس پروٹوکول پر خصوصی توجہ دیتے ہوئے پیچیدہ منصوبہ بندی کی اہمیت پر زور دیا۔
پوری میٹنگ کے دوران آئی جی پی کشمیر نے ان اہم ایونٹس سے درپیش پیچیدہ سیکورٹی چیلنجوں سے نمٹنے کے لیے مختلف سیکورٹی ایجنسیوں کے درمیان ہموار تال میل کی ضرورت پر زور دیا۔
بیان میں کہا گیا کہ جموں و کشمیر پولیس ان اہم مواقع کے دوران عوام اورعقیدت مندوں دونوں کی حفاظت اور بہبود کو یقینی بنانے کے لیے پوری طرح پرعزم ہے۔
