جموں،: جموں و کشمیر کی مجموعی سلامتی صورتحال کا جائزہ لینے کے لیے جمعرات کو جموں میں پہلی مرتبہ یونین ٹیریٹری سطح کی سیکورٹی کانفرنس کا آغاز ہوا، جس کی صدارت لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا کر رہے ہیں۔
سرکاری ذرائع کے مطابق یہ اعلیٰ سطحی کانفرنس ڈی جی پی اور آئی جی پی کانفرنس کی طرز پر منعقد کی جا رہی ہے، جس میں ملک بھر سے سیکیورٹی ایجنسیوں کے سینئر افسران شرکت کر رہے ہیں۔ کانفرنس کا انعقاد آئی آئی ٹی جگتی کیمپس میں کیا گیا ہے.
کانفرنس میں ڈائریکٹر جنرل آف پولیس جموں و کشمیر نالین پربھات کے علاوہ جموں و کشمیر پولیس، بارڈر سیکیورٹی فورس (بی ایس ایف)، سینٹرل ریزرو پولیس فورس (سی آر پی ایف) کے انسپکٹر جنرلز، انٹیلی جنس اداروں کے اعلیٰ افسران اور دیگر سیکیورٹی و سول انتظامیہ کے نمائندے شریک ہیں۔
ایک اعلیٰ عہدیدار نے بتایا کہ کانفرنس میں داخلی سلامتی، انسدادِ دہشت گردی اقدامات، سرحدی سلامتی، انسدادِ دراندازی حکمتِ عملی، خفیہ معلومات کے تبادلے، عوامی تحفظ اور امن و قانون کی صورتحال سمیت سیکیورٹی کے تمام پہلوؤں پر تفصیلی غور و خوض کیا جائے گا۔
ذرائع کے مطابق لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا سیکورٹی فورسز کی تیاری، باہمی ہم آہنگی اور زمینی سطح پر چیلنجز کا جائزہ لے رہے ہیں، جبکہ مستقبل کی حکمتِ عملی طے کرنے پر بھی زور دیا جا رہا ہے۔
یہ کانفرنس جموں و کشمیر میں بدلتی ہوئی سیکیورٹی صورتحال کے تناظر میں نہایت اہم سمجھی جا رہی ہے، جس کا مقصد ریاستی و مرکزی فورسز کے درمیان بہتر تال میل قائم کرتے ہوئے امن و استحکام کو مزید مضبوط بنانا ہے۔




