جمعہ, جولائی ۴, ۲۰۲۵
21.7 C
Srinagar

دس سال تک جموں وکشمیر کے عوام کو ہر سطح پریشان کیا گیا: ڈاکٹر فاروق عبداللہ

سری نگر: جموں وکشمیر نیشنل کانفرنس کے صدر ڈاکٹر فاروق عبداللہ نے جمعرات کے روز کہا کہ گذشتہ10سال خصوصاً 5 اگست 2019کے بعد یہاں ظلم و ستم کے پہاڑ ڈھائے گئے اور لوگوں کو ہر سطح پر پریشان کیا گیا۔
انہوں نے کہاکہ الیکشن میں نیشنل کانفرنس کی کامیابی سے دشمنوں کے منصوبوں کو بہت بڑا دھچکا لگا ہے۔
اُن کا کہنا تھا کہ ریاستی درجے کی بحالی کے بعد حکومت مزید موثر طریقے سے کام کرسکے گی اور عوام کو راحت پہنچانے کیلئے نئے دروازے بھی کھلیں گے۔
ان باتوں کا اظہار موصوف نے بڈگام میں ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔
انہوں نے کہا کہ اتحاد و اتفاق کے نہ ہونے کی وجہ سے ہی مسلمانوں کیخلاف ہر سازش اور ہر منصوبہ کامیاب ہورہا ہے۔ ہم تب تک کامیابی اور کامرانی کی راہ پر گامزن نہیں ہوسکتے جب تک نہ ہماری صفوں میں اتحاد ہو۔
نیشنل کانفرنس کے صدر نے اس موقع پر کہا کہ مسلمانوں کا شیرازہ بکھیرنے میں صہیونی طاقتیں بڑی بڑی مملکتوں کیساتھ مل کر سیاہ رول نبھا رہے ہیں، فلسطین میں جاری قتل و غارت کو دیکھ کر ایک ذی حس انسان کا کلیجہ پھٹنے کو آتا ہے،شیر خور بچوں کی لاشیں دیکھ کر انسانیت کانپ اُٹھتی ہے، یہ سب کچھ مسلمانوں کے درمیان پائی جارہی نااتفاقی اور اتحاد کے فقدان کا نتیجہ ہے۔
ڈاکٹر فاروق عبداللہ نے مسلمانانِ عالم سے اپیل کی کہ وہ آپسی اختلافات دور کرکے ایک پلیٹ فارم پر آکر اُمت مسلمہ کو درپیش چیلنجوں کا سامنا کرنے کیلئے ایک جُٹ ہوجائیں اور فلسطین میں جنگ بندی کے باوجود جاری قتل و غارت گری فوری طور پر بند کرانے میں اپنا رول نبھائیں۔
انہوں نے کہا کہ ہندوستان کے مسلمان بھی اس وقت نازک دور سے گزر رہے ہیں، فرقہ پرستوں کے غلبہ کی وجہ سے اقلتیں عدم تحفظ کا شکار ہوگئیں ہیں۔

Popular Categories

spot_imgspot_img