سری نگر :منشیات کے خلاف جنگ کو جاری رکھتے ہوئے پولیس نے جنوبی کشمیر کے ضلع کولگام میں ایک منشیات فروش کو گرفتار کرکے اس کی تحویل سے ممنوعہ مواد بر آمد کیا ہے۔ایک پولیس ترجمان نے اپنے ایک بیان میں تفصیلات فراہم کرتے ہوئے کہا کہ پولیس پوسٹ فرصل کی ایک پارٹی نے ڈامی ڈولا کراسنگ پر ناکے کے دوران ایک شخص کو روکا جو ایک بیگ اٹھائے ہوئے مشکوک حالت میں گھوم رہا تھا۔انہوں نے کہا کہ تلاشی کے دوران اس کے بیگ سے 10.47 کلو خشخاش پوست جیسا مواد بر آمد کیا گیا جس کے بعد اس کی بر سر موقع ہی گرفتاری عمل میں لائی گئی۔
گرفتار شدہ کی شناخت محمد سعید پرے ولد محمد عبداللہ پرے ساکن ہم شالی بگ کے طور پر ہوئی ہے۔بیان میں کہا گیا کہ اس سلسلے میں پولیس اسٹیشن یاری پورہ میں این ڈی پی ایس ایکٹ کے تحت ایک کیس درج کرکے مزید تحقیقات شروع کی گئی ہیں۔پولیس ترجمان نے کہا کہ کولگام پولیس ضلع سے منشیات کی بیخ کنی کے لئے پر عزم ہے۔