جموں/چیف سیکرٹری اَتل ڈولو نے جموں کے سیاحتی شراکت داروں کی ایک میٹنگ کی صدارت کی تاکہ اس خطے میں سیاحتی صلاحیت کے زیادہ سے زیادہ اِستعمال کے لئے بالخصوص کٹراہ میں شری ماتا ویشنو دیوی شرائین کا دورہ کرنے والے تقریباً ایک کروڑیاتریوںکے تناظر میں اُن کی تجاویز لی جا سکیں۔میٹنگ میںپرنسپل سیکرٹری فائنانس ، کمشنر سیکرٹری سیاحت، سیکرٹری پی ڈبلیو ڈی، سی اِی او، ایس ایم وِی ڈِی ایس بی،ضلع ترقیاتی کمشنر جموں، ضلع ترقیاتی کمشنر رِیاسی ، ایم ڈی جے کے ٹی ڈی سی، ڈائریکٹر ٹورازم جموں اور محکمہ کے دیگر افسران نے حصہ لیا۔ دورانِ میٹنگ چیف سیکرٹری نے ہوٹل مالکان، ٹرانسپورٹروں اور دیگر سیاحتی اِداروں کے نمائندوں سے اس شرائین پر آنے والے یاتریوں کو خطے میں پھیلے ہوئے دیگر مذہبی یا سیاحتی مقامات کی طرف راغب کرنے کے طریقوں اور ذرائع کے بارے میں تجاویز لیں۔اَتل ڈولو نے بات کرتے ہوئے کہا کہ سیاحتی شعبے سے وابستہ اَفراد کا بھی جموں اور اس کے گردو نواح کے مقامات کو فروغ دینے میں اہم رول ہے۔ اُنہوں نے تجویز دی کہ وہ ہر منزل کے لئے ٹھوس تجاویز اور منصوبے تیار کریں ۔اُنہوں نے مشورہ دیا کہ وہ ہر مقام کی خصوصیات کو مد نظر رکھتے ہوئے 2،3اور 4 دِن کے پیکیجز ترتیب دیں۔اُنہوں نے مزید ہدایت دی کہ ہر پیکیج میں مختلف سرگرمیوں کا امتزاج شامل کیا جائے جن میں روحانی ، ایکو ٹورازم، تفریح ، ضیافتیں ،ثقافت اور مہم جوئی کے پہلو شامل ہوں ۔ اُنہوں نے زور دیا کہ شری ماتا ویشنو دیوی یاترا کے ساتھ ساتھ کئی دیگر اختیارات بھی پیش کئے جائیں تاکہ لوگ اَپنی پسند اور رجحان کے مطابق اِنتخاب کر سکیں۔
چیف سیکرٹری نے اُن پر زور دیا کہ وہ مختلف کامیابی کی داستانوں کو مدنظر رکھتے ہوئے زیادہ سے زیادہ تشہیری مواد تیار کریں۔اُنہوں نے کہا کہ سوشل میڈیا پر مسلسل مواد اَپ لوڈ کرنے کے علاوہ دیگر تشہیری مہمات وقت کے ساتھ ضرور مثبت نتائج دیں گی۔
اُنہوں نے اِس عزم کا اعادہ کیا کہ حکومت ان مقاصد کے حصول کے لئے ہر طرح کی مدد فراہم کرے گی۔ اُنہوں نے یہ بھی کہا کہ ہر موسم کے لئے ایک منصوبہ تیار کیا جانا چاہیے تاکہ سیاحتی محکمہ کی فعال حمایت کے ساتھ ان مقامات کو مشترکہ طور فروغ دیا جاسکے ۔
اَتل ڈولونے ان تمام مقامات پر بہتر بنیادی ڈھانچے اور سہولیات کی ضرورت پر بھی زور دیا۔ اُنہوں نے اُنہیں بتایا کہ حکومت ان مقامات پر درکار کسی بھی منصوبے میں مزید فنڈز کی سرمایہ کاری کرے گی۔ اُنہوں نے کہا کہ ان تمام مقامات پر بہتر انفراسٹرکچر، ٹرانسپورٹ اور دیگر سہولیتیں فراہم کی جائیں گی ۔
اِس موقعہ پرکمشنر سیکرٹری سیاحت یشا مدگل نے کٹراہ ٹاو¿ن شپ کے آس پاس پائے جانے والے مخصوص مقامات کی اہمیت کو اُجاگر کیا۔ اُنہوں نے بتایا کہ شیو کھوڑی، بارہ دری، چناب ریل برج، جموں سٹی، پتنی ٹاپ، منتلائی، سناسر اور سدھما دیو جیسے مقامات 100 کلومیٹر کے دائرے میں پائے جانے والے کچھ ممکنہ مقامات ہیں اور یاتریوں کو گپھاکی زیارت کے لئے پیش کئے جاسکتے ہیں۔
اُنہوں نے کہا کہ محکمہ جموں و کشمیر کے سیاحتی مقامات پر قومی اور بین الاقوامی مارکیٹوں میں ان کو فروغ دینے کے لئے متعدد میلے اور ایف اے ایم دوروں کا اِنعقاد کر رہا ہے۔ اُنہوں نے مذکورہ بالا مقامات میں سے ہر ایک میں آنے والوں کی تعداد میں اضافے کے ساتھ ساتھ محکمہ کی جانب سے اب تک چلائی جانے والی مہمات پر بھی روشنی ڈالی۔
میٹنگ کو ان مقامات پر بنائے گئے سیاحتی انفراسٹرکچر کے علاوہ اس میں مزید اضافے کے منصوبوں سے بھی آگاہ کیا گیا۔ اِس میں مزید کہا گیا کہ مقامی لوگوںکا سپورٹ اور تجاویز کے ساتھ محکمہ ان تمام مقامات کو ہندوستان کے سیاحتی نقشے پر لانے کے لئے پُرعزم ہے۔
