جاوید احمد ڈار نے فروٹ منڈی نروال کا دورہ کیا اور فروٹ ٹریڈریس ایسو سی ایشن کے ممبران سے ملاقات کی
جموں/وزیر برائے زرعی پیداوار اور دیہی ترقی جاوید احمد ڈار نے آج جموں و کشمیر میں باغبانی شعبے کے فروغ اورپھلوں کے تاجروں اور کاشتکاروں کی فلاح و بہبود کے لئے حکومت کے عزم کا اعادہ کیا۔اُنہوں نے اِن باتوں کا اظہار فروٹ منڈی نروال میں جموں فروٹ ٹریڈریس ایسوسی ایشن کے ممبران کے ساتھ ایک اہم میٹنگ کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔دوران میٹنگ پھلوں کے تاجروں کو درپیش اہم مسائل اور باغبانی شعبے کو مضبوط بنانے کیلئے اَقدامات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔وزیرموصوف نے کہا کہ باغبانی شعبہ حکومت کے لئے ترجیحی شعبہ ہے اور رہے گا کیوں کہ یہ جموں و کشمیر کی معیشت میں اہم کردار اَدا کرتا ہے۔میٹنگ کے شروعات میں وزیر موصوف نے جموں و کشمیر میں باغبانی شعبے کی اہمیت پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ علاقے کی تقریباً 70 سے 80 فیصد آبادی اِس شعبے سے بالواسطہ یا بلا واسطہ وابستہ ہے ۔اُنہوں نے کہا،”ہزاروں لوگ باغبانی کی سرگرمیوں کے ذریعے اَپنی روزی روٹی کماتے ہیں اور حکومت کاشتکاروں اور تاجروں کو درپیش چیلنجوں کے بارے میں انتہائی حساس ہے۔ ہم فلاحی اَقدامات کی عمل آوری کے لئے پُرعزم ہیں جو اس اہم شعبے کی دیرپا ترقی اور خوشحالی کو یقینی بنائیں گے۔“دورانِ میٹنگ وزیر جاوید احمد ڈارنے جموں کے تاجروں کی مدد کے لئے سیب کی پیداوار کے لئے اضافی سٹوریج کی جگہ بالخصوص پیک سیزن کے دوران اشد ضرورت کو تسلیم کیا ۔ اُنہوں نے تاجروں کے حقیقی مسائل کو تسلیم کرتے ہوئے متعلقہ حکام کو ہدایت دی کہ وہ اِس ضرورت کو جلد از جلد پورا کرنے کے لئے مناس زمین کی نشاندہی کریں۔صدرفروٹ ٹریڈریس ایسوسی ایشن پروین کمار کی قیادت میں وفد نے وزیر موصوف کو مسائل اور مطالبات کی ایک جامع فہرست پیش کی۔ ان میں موجودہ لیزوں میں توسیع، مقامی کاشتکاروں کے مفادات کے تحفظ کے لئے درآمدشدہ پھلوں پر سخت معیار کی جانچ پڑتال کا نفاذ، خشک میوہ جات بالخصوص اخروٹ کے لئے مناسب درجہ بندی کی سہولیات اور مقامی پیداوار کی مسابقت کو بہتر بنانے کے لئے مارکیٹنگ کے بنیادی ڈھانچے کو بڑھانا شامل ہے۔وزیر نے ایسوسی ایشن کے ممبران کو یقین دِلایا کہ ان کے مسائل پر غور کیا جائے گا اور اِن کے حل کے لئے مقررہ وقت میں ضروری اقدامات اُٹھائے جائیں گے۔اُنہوں نے باغبانی شعبے کی ترقی کے لئے سازگار ماحول پیدا کرنے کے لئے حکومت اور شراکت داروں کے مابین تعاون کی اہمیت پر زور دیا۔وزیر موصوف نے فروٹ منڈی نروال کے دورے کے دوران تاجروں کو دستیاب سہولیات کا تفصیلی جائزہ لیا۔اُنہوں نے پھلوں کے کاشتکاروں اور تاجروں کو ہر ممکن تعاون دینے، ان کے مسائل کے حل کو یقینی بنانے اور خطے کی مجموعی سماجی و اِقتصادی ترقی کے لئے باغبانی شعبے میں ترقی کو فروغ دینے کا یقین دِلایا۔میٹنگ میں ڈائریکٹر ہار ٹی کلچر جموں، ڈائریکٹر ہار ٹی کلچر پلاننگ اینڈ مارکیٹنگ اور محکمہ کے دیگر سینئر افسران نے شرکت کی۔