جموں/15 ویں یوم قومی رائے دہندگان کے موقعہ پر آج یہاں سول سیکرٹریٹ میں حلف برداری کی تقریب منعقد ہوئی جس میں چیف سیکرٹری اَتل ڈولو نے جموںوکشمیر یوٹی کے اِنتظامی سیکرٹریوں سمیت اَفسروں اور ملازمین کو حلف دِلایا۔ اَفسروں نے اِس عزم کا اِظہار کیا کہ وہ ہندوستان کے شہری ہونے کے ناطے جمہوریت پر پختہ یقین رکھنے اور آزاد ، غیر جانبدار اور پُرامن اِنتخابات کے لئے جدوجہد کرنے کا حلف لیتے ہیں اور مذہب ، برادری اور زبان سے قطع نظر بلا خوف اَپنا ووٹ ڈالیں گے۔اس سال کا موضوع ”ووٹنگ کی طرح کچھ نہیں، میں یقینی طور پر ووٹ دیتا ہوں“گزشتہ برس کی طرح ہے۔ اِس میں رائے دہندگان کی اہمیت کو اُجاگر کیا گیا ہے کہ وہ مذہب، نسل یا زبان کی بنیاد پر بغیر کسی خوف یا جانبداری کے آزادانہ طور پر اِنتخابی عمل میں حصہ لیں۔مزید برآں، 25 جنوری الیکشن کمیشن آف اِنڈیا (اِی سی آئی) کا یوم تاسیس ہے جو 1950 ءمیں وجود میں آیا تھا اور 2025 اس کے وجود کا 75 واں سال ہے۔ یہ دِن پہلی بار 2011 میں منایا گیا تاکہ نوجوان رائے دہندگان کو اِنتخابی عمل میں حصہ لینے کی ترغیب دی جاسکے ۔الیکشن کمیشن کا بنیادی مقصد رائے دہندگان کے اِندراج بالخصوص نوجوانوںکا اضافہ کرنا ہے جنہوں نے 18 برس یا اس سے زیادہ عمر میں اہلیت حاصل کی ہے۔