بدھ, فروری ۱۲, ۲۰۲۵
11.7 C
Srinagar

امید ہے کہ وزیر اعظم ریاستی درجے کی بحالی کے وعدے کو جلد پورا کریں گے: عمر عبداللہ

سری نگر: وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ کا کہنا ہے کہ وزیر اعظم نریندر مودی جموں و کشمیر کا ریاستی درجہ بحال کرنے کا اپنا وعدہ بہت جلد پورا کریں گے۔انہوں نے کہا کہ وزہر اعظم نے تین وعدوں میں سے دو وعدے پہلے ہی پورے کئے ہیں اب امید ہے کہ اس تیسرے وعدے کو بھی جلد پورا کیا جائے گا۔وزیر اعلیٰ نے ان باتوں کا اظہار پیر کو سونہ مرگ میں وزیر اعظم کی طرف سے زیڈ موڑ ٹنل کے افتتاح کے بعد ایک عوامی ریلی سے اپنے خطاب کے دوران کیا۔انہوں نے وزیر اعظم سے مخاطب ہو کر کہا: ‘آپ نے جو یہاں یوگا ڈے کے موقع پردلی کی دوری ،جموں وکشمیر میں اسمبلی انتخابات کا انعقاد اور ریاستی درجے کی بحالی کے وعدے کئے تھے ان میں سے دو وعدوں کو آپ نے پورا کیا ہے’۔ان کا کہنا تھا: ‘اب تیسرا وعدہ جموں وکشمیر کے ریاستی درجے کی بحالی کا ہے جس کے متعلق لوگ اور میڈیا ممجھ سے سوال کرتے رہتے ہیں، میرا دل یہ کہتا ہے کہ اس تیسرے وعدے کو بھی جلد پورا کیا جائے گا’۔


قبل ازیں وزیر اعلیٰ نے اپنا خطاب ایک ڈاکٹر سمیت ان سات افراد کو یاد کرتے ہوئے کیا جنہیں سال گذشتہ کے ماہ اکتوبر میں گنگن گیر میں ایک حملے میں جاں بحق کیا گیا تھا۔ یہ سات افراد سونہ مرگ ٹنل کے لئے ہی کام کرتے تھے۔


عمر عبداللہ نے کہا: ‘ان سات افراد نے اپنی زندگیاں اس پروجیکٹ اورقوم کی ترقی کے لئے نچھاور کیں’۔انہوں نے کہا: ‘بدقسمتی سے گذشتہ 35 برسوں سے جموں وکشمیر کے لوگ قوم کی ترقی کے لئے قربانیاں دے رہے ہیں اور میرا تعلق اس جماعت سے ہے جس نے قوم کے لئے بہت بڑی قربانی دی ہے’۔ان کا کہنا تھا: ‘وزیر اعظم نریندر مودی کا اس پروجیکٹ کی افتتاحی تقریب میں موجود ہونا ان لوگوں کے لئے ایک واضح پیغام ہے جو جموں وکشمیر میں قیام امن کے مخالف ہیں، جو جموں وکشمیر کی ترقی سے خوش نہیں ہیں اور جو یہاں جمہوریت نہیں چاہتے ہیں’۔انہوں نے کہا: ‘یہ لوگ کامیاب نہیں ہوں گے بلکہ انہیں شکست سے دوچار ہونا پڑے گا’۔
وزیر اعلیٰ نے وزیر اعظم کا زیڈ موڑ ٹنل کا افتتاح کرنے کے لئے شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا: ‘ سرد موسم میں جموں وکشمیر آنے کے لئے میں آپ کا مشکور ہوں، آج لگتا ہے کہ قدرت بھی ہمارے ساتھ ہے، آسمان صاف ہے، گرچہ سردی ہے لیکن ہلکی دھوپ بھی کھلی ہوئی ہے جس سے ہمارے دل گرم ہیں’۔قابل ذکر ہے کہ وزیر اعظم نریندر مودی نے پیر کے روز سونہ مرگ میں 6.5 کلو میٹر طویل اسٹریٹجک ٹنل کا افتتاح کیا۔
یو این آئی ایم افضل

Popular Categories

spot_imgspot_img