سری نگر: وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ کے مشیر ناصر اسلم کا کہنا ہے کہ نیشنل کانفرنس پانچ برسوں کے دوران لوگوں کے ساتھ کئے گئے تمام وعدوں کو پورا کریں گے۔انہوں نے کہا: ‘ابھی دو ماہ ہی ہمیں اقتدار میں ہوگئے اس دوران ہم کتنے وعدے پورا کر سکتے ہیں۔ان کا کہنا تھا کہ آج پانچ برسوں کے بعد میڈیا سوال کر سکتا ہے جو ایک بہٹ بڑی تبدیلی ہے۔
موصوف مشیر نے ان باتوں کا اظہار جمعہ کو وسطی ضلع بڈگام میں ایک تقریب کے حاشیئے پر نامہ نگاروں کے ساتھ بات کرنے کے دوران کیا۔انہوں نے نامہ نگاروں سے مخاطب ہو کر کہا: ‘آج آپ سوال کر رہے ہیں پانچ برسوں تک سوال نہیں کئے لیکن آج کھلے ماحول میڈیا بات کر سکتا ہے یہ بہت بڑی تبدیلی ہے جو نیشنل کانفرنس نے یہاں لائی ہے’۔ان کا کہنا تھا: ‘کل عمر صاحب نے لمبی پریس کانفرنس کی، میرے خیال میں اتنی لمبی پریس کانفرنس آج تک کسی لیڈر نے نہیں کی ہے۔
الیکشن منشور میں لوگوں کے ساتھ کئے جانے والے وعدوں کے بارے میں پوچھے جانے پر ناصر اسلم نے کہا: ‘ابھی ہمیں دو مہینے ہی اقتدار میں ہوگئے ہم کتنے وعدے پورا کر سکتے ہیں لیکن آنے والے پانچ برسوں میں ہم نے جو اپنے منشور میں لوگوں کے ساتھ وعدے کئے ہیں ان تمام وعدوں کو پورا کیا جائے گا’۔
رکن پارلیمان آغا سید روح اللہ کے ضرورت پڑنے پر دلی میں احتجاج کرنے کے بارے میں پوچھے جانے پر انہوں نے کہا: ‘مجھے لگتا ہے کہ احتجاج کرنے کی ضرورت نہیں پڑے گی کیونکہ وزیر اعظم اور وزیر داخلہ نے پارلیمنٹ میں ریاستی درجے کی بحالی کا وعدہ کیا ہے’۔ان کا کہنا تھا کہ عوام نے الیکشن میں بڑے پیمانے پر حصہ لے کر منڈیٹ دیا ہے ان کو اس کا لازمی معاوضہ ملنا چاہئے۔