ہفتہ, جنوری ۲۵, ۲۰۲۵
2.6 C
Srinagar

مرکزی داخلہ سیکریٹری نے  سرینگر میں سیکورٹی منظر نامے کا جائزہ لیا، لالچوک گھنٹہ گھر کا بھی کیا دورہ

سری نگر:مرکزی داخلہ سیکریٹری گوند موہن نے پیر کو سری نگر میں جموں وکشمیر کی سیکورٹی صورتحال کا ایک اعلیٰ سطحی میٹنگ کے دوران جائزہ لیا۔

معلوم ہوا ہے کہ شام دیر گئے داخلہ سیکریٹری نے لالچوک گھنٹہ گھر کا بھی دورہ کیا ۔

اطلاعات کے مطابق مرکزی داخلہ سیکریٹری گوند موہن نے پیر کو جھیل ڈل کے کناروں پر واقع ایس کے آئی سی سی میں سیکورٹی منظر نامے کا جائزہ لیا۔

ذرائع نے بتایا کہ میٹنگ میں پولیس ، فوج ،سی آر پی ایف ، بی ایس ایف ، سرا غ رساں ایجنسیوں کے عہدیدار اور صوبائی انتظامیہ کے آفیسران بھی موجود رہے۔

میٹنگ کے دوران داخلہ سیکریٹری کو جموں وکشمیر کی سیکورٹی صورتحال ، سرگرم ملی ٹینٹوں کے خلاف چلائے جارہے آپریشنز کے بارے میں جانکاری فراہم کی گئی ۔

باوثوق ذرائع کے مطابق اس اعلیٰ سطحی میٹنگ کے دوران داٰخلہ سیکریٹری کولائن آف کنٹرول کی صورتحال کے بارے میں بھی بریف کیا گیا۔

انہوں نے بتایا کہ حالیہ بر ف باری کے تناظرمیں ایل او سی پر دراندازی کے واقعات کو ناکام بنانے کی خاطر فوج کی چوکسی کو مزید بڑھانے پر زور دیا گیا۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ میٹنگ کے دوران داخلہ سیکریٹری نے آفیسران کو ہدایت دی کہ ایل او سی پر دراندازی مخالف گرڈ کو مزید مضبوط و مستحکم کیا جائے تاکہ ملک دشمن عناصر کے منصوبوں کو ناکام بنایا جاسکے۔

دریں اثنا پیر کی شام کو مرکزی داخلہ سیکریٹری گوند موہن سینئر آفیسران کے ہمراہ تاریخی گھنٹہ گھر لالچوک پہنچے اور وہاں پر لوگوں کے ساتھ بات چیت بھی کی۔

معلوم ہوا ہے کہ داخلہ سیکریٹری نے پرتاپ پارک میں قائم بلدان ستمب کا بھی معائنہ کیا اور وہاں پر شہید ہوئے اہلکاروں کو شاندار الفاظ  میں خراج عقیدت ادا کیا۔

بتادیں کہ وادی کشمیر میں حالیہ ایام کے دوران ملی ٹینسی کے واقعات میں غیر معمولی کمی واقع ہوئی ہے ۔ دہشت گردوں اوران کے سہولیت کاروں کے خلاف چلائے جارہے آپریشنز کے دوران سیکورٹی ایجنسیوں کو مسلسل کامیابیاں مل پارہی ہیں۔

مرکزی داخلہ سیکریٹری نے کشمیر کے دورے کے دوران سیکورٹی صورتحال پر اطمینان کا اظہار کیا ہے۔

Popular Categories

spot_imgspot_img