سری نگر:میرواعظ کشمیر مولوی محمد عمر فاروق نے سرکاری اور نجی سطح پر طبی شعبے کو فعال و عوام دوست بنانے پر زور دیتے ہوئے کہا ہے کہ ایک حساس شعبہ ہونے کی حیثیت سے صحت عامہ سے وابستہ ڈاکٹر حضرات اور دیگر طبی عملے کو سرکاری اور غیر سرکاری ہسپتالوں میں خدمت خلق کے عظیم جذبے کے تحت اپنی خدمات میسر رکھنے کی اشد ضرورت ہے۔
سرینگر کے نوگام علاقے میں ”اجالا گروپ آف ہاسپٹلز“ کی خصوصی دعوت پر میرواعظ نے ہسپتال کے دورے کے دوران ہسپتال کے عملے اور ڈاکٹر حضرات کی بیماروں اور مریضوں کے تئیں ان کی ہمدردی اور لگن کے جذبے کو سراہتے ہوئے کہا کہ اس ہسپتال کے قیام سے جہاں کشمیر میں طبی شعبے کو ایک نئی جہت ملی ہے وہیں یہ ہسپتال ہر لحاظ سے عوام دوست ثابت ہورہا ہے جہاں کم سے کم لاگت پر ضرورتمندوںکوبہتر اور اعلیٰ طبی سہولیات بہم رکھنے کی اپنی کوششیں جاری رکھے ہوئے ہیں۔
اس موقعہ پر میرواعظ نے ہسپتال کی جانب سے خصوصیت کے ساتھ پہلی بار جموں وکشمیر کے بلا لحاظ مسلک و مشرب ائمہ حضرات کیلئے مفت طبی معائنہ ، بنیادی تشخیص، ماہرین ڈاکٹروں کے مشورے اور ہسپتال کی جدید سہولیات سے عبارتPrivilege card کو رسماً جاری کیا۔
میرواعظ نے توقع ظاہر کی کہ آگے چل کر ائمہ حضرات کے اہل خانہ کو بھی اس سہولیات سے مستفید ہونے کا موقع فراہم کیا جائیگا۔
اس موقعہ پر میرواعظ کو بتایا گیا کہ ہسپتال اپنی خدمات کو مزید وسیع کرتے ہوئے وادی کے طول و عرض میں اپنی شاخیں قائم کرنے جا رہی ہے تاکہ زیادہ سے زیادہ لوگوں کو طبی سہولیات سے مستفید ہونے کا موقعہ فراہم ہوسکے۔
مزید ہمارے پروگرام میں شہر و گام میں مفت طبی کیمپ کے انعقاد کا بھی پروگرام زیر غور ہے جس کیلئے انہوں نے میرواعظ کشمیر سے اپنا تعاون طلب کیا اور میرواعظ نے انہیں اس نیک کام کیلئے ہر ممکن تعاون دینے کا یقین دلایا۔
اس دوران میرواعظ جب نوگام پہنچے تو ہسپتال کی انتظامیہ کے اعلیٰ عہدیداراں جناب ڈاکٹر پرویز احمد صوفی، ڈاکٹر شکیل احمد، اور جناب عدنان فیاض وغیرہ نے اپنی پوری ٹیم کے ساتھ موصوف کا پرتپاک استقبال کیا۔