سری نگر:وادی کے اطراف واکناف میں خلیفہ اول حضرت ابوبکر صدیق(رض) کا عرس مبارک عقیدت و احترام کے ساتھ منایا گیا سب سے بڑی تقریب درگاہ حضرت بل سری نگر میں منعقد ہوئی جہاں نماز پنجگانہ کے بعد زائرین موئے مقدس (ص) کے دیدار سے فیضیاب ہوئے۔
یو این آئی اردو کے نامہ نگار نے بتایا کہ جموں وکشمیر میں بدھ کے روز خلیفہ اول حضرت ابوبکر صدیق(رض) کا عرس مبارک عقیدت و احترام کے ساتھ منایا گیا اور اس حوالے سے درگاہوں، خانقاہوں اور امام بارگاہوں میں روح پرور مجالس کا اہتمام ہوا۔
سب سے بڑی تقریب شہرہ آفاق جھیل ڈل کے کناروں پر واقع آثار شریف درگاہ حضرت بل میں منعقد ہوئی جہاں وادی کے مختلف حصوں سے آئے ہوئے عاشقان رسول(ص) موئے مقدس کے دیدار سے فیضیاب ہوئے۔
آثار شریف شہری کلاش پورہ، جناب صاحب صورہ اور دوسری عبادتگاہوں میں بھی روح پرور اجتماعات منعقد ہوئے۔
انتظامیہ نے درگاہ حضرت بل میں زائرین کو ہر ممکن سہولیات پہنچانے کی غرض سے تمام تر انتظامات کئے تھے جن میں بلاخلل بجلی، پینے کا صاف پانی،ٹرانسپورٹ، صحت و صفائی کے علاوہ دیگر سہولیات شامل ہیں۔
عقیدتمندوں کو درگاہ تک لانے اور لیجانے کے لئے خصوصی گاڑیاں بھی دستیاب رکھی گئی تھی۔