سری نگر:دنیا بھر کے ساتھ ساتھ وادی کشمیر میں بھی بدھ کے روز شدید سردی مگر خشک موسم کے بیچ مسیحی برادری کا مشہور تہوار کرسمس انتہائی مذہبی تزک و احتشام سے منایا گیا۔
اس سلسلے میں یہاں مولانا آزاد روڈ پرواقع ہولی فیملی کیتھولک چرچ میں سب سے بڑی تقریب منعقد ہوئی جس میں عقیدتمندوں کی ایک اچھی خاصی تعداد نے شرکت کی۔
اس موقع پر مذہبی رسومات کی ادائیگی کے ساتھ ساتھ وادی میں امن و امان کی بحالی اور خوشحالی کے لئے دعائیں بھی مانگی گئیں اور لوگوں میں مٹھائیاں بھی تقسیم کی گئیں۔
دعائیہ مجالس کے دوران حضرت عیسی مسیح کی تعلیمات پر سیر حاصل روشنی ڈالی گئی اور لوگوں سے ان تعلیمات کو اپنی زندگیوں میں مشعل راہ بنانے کی تعلقین کی گئی نیز دنیا کے لئے امن و شانتی کے لئے خاص طورپر دعائیں کی گئیں۔
اس موقع پر عقیدت مندوں کو ایک دوسرے کو مبارک باد دیتے ہوئے اور بچوں میں تحائف اور مٹھائیاں تقسیم کرتے ہوئے دیکھا گیا۔
لال چوک میں قائم چر چ میں دلی سے تعلق رکھنے والی ایک خاتون عقیدت مند نے میڈیا کے ساتھ بات کرتے ہوئے کہاکہ جس طرح سے دہلی میں تمام مذہبوں کے لوگ ایک دوسرے کے تہواروں کو مل جل کر مناتے ہیں میں نے ایسا ہی یہاں بھی دیکھا۔
انہوں نے کہاکہ میں یہاں سری نگر کی اپنی ایک دوست کے ساتھ آئی اور ہم نے مل کر یہاں پر تہوارمنایا۔
ایک اور عقیدت مند نے بتایا ’ہم نے آج اس مقدس موقع پر دنیا بھر خاص طورپر کشمیر کے لئے امن اور ترقی کی دعا کی۔ انہوں نے کہاکہ یہاں مقامی لوگوں کے علاوہ ملک کی مختلف حصوں کے لوگ موجود ہیں جو ہمارے اتحاد کا ایک مظہر ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ کشمیر کے لوگ یہاں چرچ کی خود آرائش اور زیبائش کرتے ہیں جو اس بات کا ثبوت ہے کہ یہاں مذہبی بھائی چارہ قائم ودائم ہے۔
وادی کے مشہور زمانہ سیاحتی مقام گلمرگ میں بھی کرسمس کا تہوار انتہائی جوش و خروش سے منایا گیا، جہاں اس مقدس تہوار سے قبل ہی غیر مقامی سیاحوں کی ایک بڑی تعداد پہنچ گئی تھی۔ وادی کے ساتھ ساتھ جموں میں بھی کرسمس کا تہور احتشام کے ساتھ منایا گیا۔
نامہ نگار نے بتایا کہ جموں میں بھی کرسمس تہوار کے پیش نظر تمام گرجا گھروں کو سجایا سنوارا گیا تھا اور ان میں صبح سے ہی عقیدت مندوں کا تانتا بندھا رہا ہے۔
بتادیں کہ کرسمس کا تہوار دنیا بھر میں 25دسمبر کو انتہائی تزک و احتشام کے ساتھ منایا جاتا ہے، یہ تہوار عیسیٰ مسیح کی یوم پیدائش کے طورپر منایا جاتا ہے۔