سری نگر:ریزرویشن معاملے پر آغا روح اللہ مہدی کی جانب سے تشکیل دی گئی دس نفری طلبا کمیٹی نے وزیر اعلیٰ کے ساتھ ملاقات کی جس دوران کئی اہم مسائل پر کھل کر گفت وشنید ہوئی۔
وزیر اعلیٰ نے وفد کو یقین دلایا کہ ریزرویشن معاملے کو چھ ماہ کے اندر اندر حل کیا جائے گا اور حکومت کے دائرہ اختیار میں جو کچھ بھی ہے اس پر جلد از جلد آرڈر نکالا جائے گا۔
اطلاعات کے مطابق ریزرویشن کو کالعدم قرار دینے کے معاملے پر ممبر پارلیمنٹ آغا روح اللہ مہدی کی سربراہی میں آج سرینگر میں وزیر اعلیٰ کی رہائش گاہ کے باہر دھرنا دیا گیا۔
آغا روح اللہ نے طلبا کی دس نفری کمیٹی تشکیل دے کر انہیں وزیر اعلیٰ کے ساتھ ملاقی ہونے کے لئے بھیجا ۔
میٹنگ کے بعد نامہ نگاروں سے بات چیت کے دوران طلبا کمیٹی کے ممبران نے کہاکہ وزیر اعلیٰ کے ساتھ خوشگوار ماحول میں بات چیت ہوئی۔
انہوں نے مزید بتایا کہ آدھے گھنٹے تک عمر عبداللہ نے ہماری بات غور سے سنی اور سبھی مسائل کو وقت مقررہ کے اندر اندر حل کرنے کا یقین دلایا۔
کمیٹی کے ممبران کا مزید کہنا تھا کہ وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ نے ریزرویشن مسئلے کو چھ ماہ کے اندر اندر حل کرنے کا وعدہ کیا ہے۔
ان کے مطابق وزیر اعلیٰ نے ملاقات کے دوران بتایا کہ ای ڈبیلو ایس دس فیصدی ریزرویشن اور دوسرے معاملات جو کہ حکومت کے زیر کنٹرول ہے پر بہت جلد آرڈر نکالا جائے گا۔
انہوں نے کہاکہ ہم نے وزیراعلیٰ عمر عبداللہ کو بتایاکہ اوپن میرٹ کے لئے 76فیصد کوٹا رکھا جائے جس پر وزیر اعلیٰ نے کہاکہ معاملہ کورٹ میں بھی چل رہا ہے تاہم سب کمیٹی سبھی سے بات چیت کے بعد جو رپورٹ پشی کرئے گی اس پر منصفانہ فیصلہ سامنے آئے گا۔
ان کے مطابق وزیر اعلیٰ سے بات چیت کے دوران طلبا ممبران نے کہاکہ اس معاملے کو جلدازجلد حل کیا جانا چاہئے جس پر عمر عبداللہ نے کہاکہ ریزرویشن معاملے پر سبھی طبقوں کے ساتھ انصاف کیا جائے گا ۔