سری نگر:جموں وکشمیر کی گرمائی راجدھانی سری نگر میں پہلی دفعہ نیشنل کانفرنس اور پی ڈی پی لیڈران نے مشترکہ طورپر احتجاج کیا ۔
عوامی حلقوں کا کہنا ہے کہ اگر دوسرے اہم مسائل پر بھی این سی ، پی ڈی پی اپنی آواز بلند کرتی تو یہاں کی سیاسی صورتحال کچھ اور ہی ہوتی ۔
یو این آئی اردو نامہ نگار کے مطابق سری نگر میں پہلی دفعہ نیشنل کانفرنس ، پی ڈی پی اوراے آئی پی لیڈران نے ریزرویشن پالیسی کے خلاف مشترکہ طورپر احتجاج کیا۔
نیشنل کانفرنس کے سینئر لیڈر اور ممبر پارلیمان آغا روح اللہ مہدی کی کال پر لبیک کہتے ہوئے پی ڈی پی یوتھ لیڈر وحید الرحمن پرہ، التجا مفتی اور ممبر اسمبلی لنگیٹ انجینئر خورشید نے گپکار سری نگر میں احتجاج کیا ۔
نیشنل کانفرنس اور پی ڈی پی لیڈران نے اس موقع پر کہاکہ آج یہاں پر کوئی سیاست نہیں ہوگی بلکہ ہم یہاں نوجوانوں کے مستقبل کو بچانے کی خاطر آئے ہیں۔
انہوں نے کہاکہ ریزرویشن پالیسی اوپن میرٹ امیدواروں کے لئے سم قاتل ہے لہذاس کو کالعدم قرار دینا اب ناگزیر بن گیا ہے۔
عوامی حلقوں کا کہنا ہے کہ جس طرح سے پی ڈی پی اور نیشنل کانفرنس کے لیڈران نے نوجوانوں کی خاطر آج احتجاج کیا اس کی نظیر ملنا مشکل ہے۔
انہوں نے کہاکہ سیاست سے بالا تر ہو کر پی ڈی پی اور نیشنل کانفرنس کے لیڈران نے ریزرویشن پالیسی کے خلاف مشترکہ دھرنا دیا جو سراہنا کے قابل ہے۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ اگر دوسرے اہم مسائل پر بھی پی ڈی پی اور نیشنل کانفرنس کے لیڈران احتجاج کرتے تو آج جموں وکشمیر کے لوگوں کو یہ دن دیکھنے ہی نہیں پڑتے ۔
عوامی حلقوں کے مطابق دیر آئید درست آئید کے مصداق آج نیشنل کانفرنس اور پی ڈی پی لیڈران نے ایک اہم مسئلے پر احتجاج کیا اور ہمیں پوری امید ہے کہ مستقبل میں بھی حساس معاملات پر دونوں پارٹیوں سے وابستہ لیڈران اپنی آواز بلند کریں گے۔