کہا، شکایات کا اَزالہ حکومت کی اوّلین ترجیح ہے
جموں/نائب وزیرا علیٰ سریندر کمار چودھری نے آج کہا کہ عوامی شکایات کے مناسب ازالے کو یقینی بنانا حکومت کی اوّلین ترجیح ہے۔اُنہوں نے اِن باتوں کا اِظہار آج متعدد وفود سے بات چیت کرتے ہوئے کیا۔وفود نے اَپنے علاقوں سے متعلق مختلف مسائل نائب وزیر اعلیٰ کو گوش گزار کئے۔برہمن سبھا جموں کے وفد نے محکمہ تعلیم کی طرف سے جاری کردہ حالیہ نوٹیفکیشن میں سنسکرت لیکچرروں کو مختص کرنے کا مطالبہ کیا۔گوردوارہ بابا سندر سنگھ جی جسروٹہ کٹھوعہ اور جے کے بلڈ ڈونرز اینڈ ویلفیئر سوسائٹی کے ایک وفد نے کئی مسائل اُٹھائے۔نائب وزیراعلیٰ نے وفد کے ساتھ بات چیت کے دوران ایک جامع ،خوشحال اور ترقی پسند معاشرے کی تشکیل کے لئے اپنے وژن کا اِشتراک کیا۔ اُنہوں نے کمیونٹیوں کے درمیان اتحاد کو فروغ دینے ، پسماندہ علاقوں میں بنیادی ڈھانچے کو بہتر بنانے اور ایسے اَقدامات کو فروغ دینے کی اہمیت پر زور دیا جو تمام شہریوں کے سماجی و اِقتصادی معیار کو بلند کرتے ہیں۔اُنہوںنے نوجوانوں کو بااِختیار بنانے ، صحت سہولیات کو بڑھانے اور رضاکارانہ طور پر چلنے والی تنظیموں کی حمایت کرنے کے عزم کا اظہار کیا۔ اُنہوں نے اہم مسائل کو مو¿ثر طریقے سے حل کرنے اور دیرپاترقی کو یقینی بنانے کے لئے حکومت اور کمیونٹی شراکت داروںکے مابین تعاون کی ضرورت پر روشنی ڈالی۔ مختلف علاقوں سے تعلق رکھنے والے متعدد ممبران اسمبلی ، ڈی ڈی سی ممبران اور سابق سرپنچوں نے بھی نائب وزیر اعلیٰ سے ملاقات کی اور اَپنے متعلقہ حلقوں کے ترقیاتی مسائل کو پیش کیا۔