کراچی: پاکستان میں پولیو وائرس کے تین نئے معاملوں کی تصدیق کے ساتھ ہی اس سال ملک بھر میں پولیو معاملوں کی کل تعداد 59 ہو گئی ہے۔ نیشنل ایمرجنسی آپریشن سینٹر (ای او سی) نے یہ اطلاع دی ہے۔
ای او سی کی جانب سے پیر کو جاری کردہ پولیو کیسز کی رپورٹ کے مطابق ایک ہفتہ قبل ڈیرہ اسماعیل خان کی تحصیل درزندہ میں ایک کیس سامنے آیا تھا جہاں 27 ماہ کا بچہ پولیو میں مبتلا پایا گیا تھا۔ پولیو کے نئے کیسز خیبرپختونخوا کے ڈیرہ اسماعیل خان، کراچی کے ضلع کیماری اور کشمور میں پائے گئے۔
مقامی میڈیا رپورٹس کے مطابق، اس سال بلوچستان میں 26، خیبر پختونخوا میں 16، سندھ میں 15 اور پنجاب اور اسلام آباد میں ایک ایک کیس رپورٹ ہوا۔ رپورٹ کے مطابق یہ وائرس پانچ سال سے کم عمر کے بچوں کو متاثر کرتا ہے جنہیں پولیو کی ناکافی خوراکیں ملی ہیں یا ان کی قوت مدافعت کمزور ہے۔
محکمہ صحت کے افسران کا کہنا ہے کہ پولیو کی خوراک کے بارے میں غلط معلومات کی وجہ سے کئی بچے غیر محفوظ ہیں۔ اس وقت وہ ان چیلنجوں پر قابو پانے اور وائرس کو ختم کرنے کے لیے کام کر رہے ہیں۔
یو این آئی