جموں: منشیات کے خلاف کارروائیوں کو تواتر کے ساتھ جاری رکھتے ہوئے اودھم پور پولیس نے ایک بین ضلعی منشیات فروش کو گرفتار کرکے اس کی تحویل سے ہیروئن جیسا ممنوعہ مواد بر آمد کیا ہے۔
ایک پولیس ترجمان نے بتایا کہ اودھم پور پولیس کی ایک ٹیم نے ٹکری میں معمول کی ٹریفک چیکنگ کے دوران جموں سے سری نگر کی طرف جا رہی ایک گلینزا گاڑی زیر رجسٹریشن نمبرJK01AW – 4419 کو چیکنگ کے لئے روکا۔
انہوں نے کہا کہ چیکنگ کے دوران گاڑی میں ایک مسافر کو سفر کرتے ہوئے پایا گیا جس نے پوچھ گچھ کے دوران اپنی شناخت بلال احمد میر ولد غلام قادر میر ساکن لسجن سری نگر کے طور پر ظاہر کی۔
پولیس ترجمان نے بتایا کہ تلاشی کے دوران اس کی تحویل سے 9.19 گرام ہیروئن بر آمد کیا گیا جس کے بعد ملزم کو گرفتار کیا گیا۔
انہوں نے کہا کہ اس سلسلے میں پولیس اسٹیشن ریہام بل میں این ڈی پی ایس ایکٹ کے متعلقہ دفعات کے تحت زیر ایف آئی آر نمبر5/2026 ایک مقدمہ درج کیا گیا اور مزید تحقیقات شروع کی گئیں۔





