جمعہ, جنوری ۹, ۲۰۲۶
-4.7 C
Srinagar

عمر عبداللہ کی جموں وکشمیر کی انڈر – 16 کرکٹ ٹیم سے ملاقات

جموں: جموں و کشمیر کے وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ نے جمعرات کی صبح وجے مرچنٹ ٹرافی (پلیٹ گروپ) کا خطاب جیتنے والی جموں وکشمیر کی انڈر – 16 کرکٹ ٹیم سے ملاقات کی۔ اس موقع پر انہوں نے کھلاڑیوں سے ان کی انفرادی اور اجتماعی کارکردگی کے حوالے سے گفتگو کی۔

وزیر اعلیٰ نے ٹیم کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا: ‘آپ کی یہ کامیابی محض صلاحیت کا نہیں بلکہ ٹیم ورک، نظم و ضبط اور لگن کا ثبوت ہے، آپ نے پورے جموں وکشمیر کا نام روشن کیا ہے’۔انہوں نے نوجوان کھلاڑیوں کی حوصلہ افزائی کرتے ہوئے امید ظاہر کی کہ وہ آئندہ بھی اسی جذبے اور محنت کے ساتھ جموں وکشمیر اور ملک کی نمائندگی کرتے رہیں گے۔

واضح رہے کہ جموں و کشمیر انڈر – 16 کرکٹ ٹیم نے 6 جنوری کو فائنل کے تیسرے دن میزورم کو ایک اننگز اور 182 رنز سے شکست دے کر وجے مرچنٹ ٹرافی پلیٹ گروپ ٹائٹل جیت لیا۔ یہ جموں وکشمیر کا پہلا بی سی سی آئی کا تاج تھا۔ عمر عبداللہ نے ٹیم کو اس شاندار فتح پر مبارکباد پیش کی تھی۔

وزیر اعلیٰ کے دفتر کے ‘ایکس’ ہینڈل پر ایک پوسٹ میں کہا گیا تھا: ‘ وزیر اعلیٰ نے جے اینڈ کے انڈر 16 کرکٹ ٹیم کو پہلی بار وجے مرچنٹ ٹرافی جیتنے پر مبارکباد دی ہے۔ بی سی سی آئی کا ایک تاریخی ٹائٹل اور ایک غالب فتح جو جموں و کشمیر کے ابھرتے ہوئے کرکٹ ٹیلنٹ کا عکاس ہے’۔

Popular Categories

spot_imgspot_img