سری نگر: نیشنل کانفرنس کے صدر اور سابق وزیر اعلیٰ ڈاکٹر فاروق عبداللہ کا کہنا ہے کہ عوام اور میڈیا دونوں کو یہ حق حاصل ہے کہ وہ حکومت کی طرف سے کی گئی کسی بھی غلطی کے لیے حکمران جماعت کو جوابدہ ٹھہرائیں۔انہوں نے ساتھ ہی کہا کہ اقتدار میں رہنے والوں سے سوال کرنے میں خوف کا دور ختم ہو چکا ہے۔
موصوف صدر نے ان باتوں کا ظہار جمعرات کو یہاں نامہ نگاروں کے ساتھ بات کرنے کے دوران کیا۔
گوتم اڈانی کے خلاف امریکی پراسیکیوٹرز کے الزامات کے بارے میں پوچھے جانے پر انہوں نے کہا: ‘جے پی سی کے مطالبے میں کوئی شک نہیں ہے میں امید کرتا ہوں کہ مرکزی حکومت اس معاملے کو سنجیدگی سے لے گی اور اس کی صحیح جانچ کرے گی یہ کیسے ہوا اور اس کی وجوہات کیا ہیں’۔ان کا کہنا تھا: ‘ ہر چیز کی آہستہ آہستہ جانچ کی جائے گی بشمول ایک افسر کے ذریعہ 3,000 کروڑ روپیے کے جل شکتی فراڈ کی رپورٹ کے’۔ڈاکٹر فاروق عبداللہ نے کہا: ‘یہ عمر عبداللہ کی حکومت ہے اور لوگوں کو سب کچھ جاننے کا حق حاصل ہے’۔انہوں نے کہا: ‘میں سمجھتا ہوں کہ غریبی اور بے کاری بڑھ رہی ہے اور حکومت کو چاہئے کہ وہ ان مسائل کو دور کرے’۔ان کا کہنا تھا کہ میڈیا آج آزاد ہے اس کو چاہئے کہ وہ ہماری غلطیوں کی نشاندہی کرے۔انہوں نے کہا کہ ہمیں لوگوں نے ووٹ دیا اور وہ چاہتے ہیں کہ ہم ان کے کام کریں۔رکن پارلیمان آغا روح اللہ کے ایک بیان کے بارے میں پوچھے جانے پر ان کا کہنا تھا: ‘وہ بھی میرے ہی رکن پارلیمان ہیں اور یہ ایک اچھی بات ہے’۔
یو این آئی