سری نگر:سری نگر کے ٹینگ پورہ میں پیش آئے سڑک حادثے کے بعد شہر بھر موٹر سائیکلوں کی ضبطی کا سلسلہ تیز کیا گیا ہے یو این آئی اردو کے نامہ نگار نے شہر کے مختلف علاقوں کا دورہ کرنے کے بعد بتایا، شہر کے بعض علاقوں میں خصوصی ناکہ پوائنٹس قائم کئے گئے ہیں جہاں پر موٹر سائیکل اور سکوٹیز کو ضبط کیا جا رہے۔انہوں نے کہاکہ ٹریفک قوانین کی پاسداری کو یقینی بنانے کی خاطر محکمہ ٹریفک حرکت میں آگیا ہے اور دن بھر شہر کے مختلف علاقوں میں سینکڑوں موٹر سائیکل اور سکوٹیز کو تحویل میں لیا گیا ہے۔انہوں نے مزید بتایا کہ ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی کرنے والوں کے تئیں اب کوئی نرمی نہیں برتی جائے گی ۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ سری نگر کے ٹینگ پورہ میں دو طالب علموں کی ہلاکت کے بعد جموں وکشمیر کے وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ نے ٹریفک محکمہ کو سخت ہدایات جاری کی ہیں۔ذرائع نے بتایا کہ ٹریفک حادثات پر قابو پانے کے لئے اب سری نگر میں بغیر ہیلمٹ کے موٹر سائیکل چلانے اور کرتب بازی کا مظاہرہ کرنے والوں کے خلاف نہ صرف چالان کاٹے جائیں گے بلکہ لائسنس منسوخی کا بھی فیصلہ لیا گیا ہے۔باوثوق ذرائع کے مطابق سری نگر کے مختلف علاقوں میں ٹریفک پولیس اہلکاروں کی تعیناتی عمل میں لائی گئی ہے جو سکوٹیز اور موٹر سائیکلوں کے کاغذات باریک بینی سے چیک کررہے ہیں۔