آرٹیکل 370اب کبھی بحال نہیں ہوگا
مسلمانوں کو SC،STاورOBCطرز کی ریزرویشن نہیں ملے گی
سری نگر:مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ نے پھرکہاہے کہ جموں و کشمیر کو خصوصی درجہ دینے والی دفعہ 370 کو بحال نہیں کیا جائے گا چاہے کانگریس کی قدآور اور آنجہانی وزیر اعظم اندرا گاندھی آسمان سے اتر جائیں۔انہوںنے مسلم ریزرویشن پر کانگریس کو گھیرنے کی کوشش کی اور اہم اپوزیشن پارٹی پر الزام لگایا کہ وہ جان بوجھ کر ایودھیا میں رام مندر کی تعمیر کو برسوں سے روک رہی ہے۔جے کے این ایس مانٹرینگ ڈیسک کے مطابق مہاراشٹر میں ایک انتخابی ریلی سے خطاب کرتے ہوئے امت ، شاہ نے کہاکہ آرٹیکل 370، جسے2019 میں بی جے پی کی زیر قیادت مرکزی حکومت نے ختم کر دیا تھا، کسی بھی صورت میں بحال نہیں کیا جائے گا۔انہوںنے کہاکہ یہاں تک کہ اگر اندرا گاندھی جنت سے واپس آ جائیں، آرٹیکل370 بحال نہیں ہو گا۔شمالی مہاراشٹر کے دھولے میں ایک ریلی سے خطاب کرتے ہوئے امت شاہ نے کہا کہ کانگریس لیڈر راہول گاندھی کو یاد رکھنا چاہیے کہ اگر ان کی چوتھی نسل آنے والی تھی تب بھی مسلمانوں کو دلتوں، قبائلیوں اور دیگر پسماندہ ذاتوں کیلئے ریزرویشن نہیں ملے گا۔مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ نے کہاکہ اگر مسلمانوں کو ریزرویشن دینا ہے تو ایس سی، ایس ٹی اور او بی سی کے ریزرویشن میں کٹوتی کرنی ہوگی۔انہوںنے کانگریس لیڈرکوچیلنج کرتے ہوئے کہاکہ راہول بابا، نہ صرف آپ بلکہ آپ کی چار نسلیں آنے والی ہیں، وہ ایس سی، ایس ٹی اور او بی سی کے کوٹہ کو کاٹ کر مسلمانوں کو نہیں دے سکتے۔