الموڑا/نینی تال: اتراکھنڈ کے الموڑہ میں ایک خوفناک سڑک حادثے میں کل ملاکر 36 لوگوں کی موت ہو گئی وزیر اعلی پشکر سنگھ دھامی زخمیوں کی حالت جاننے کے لیے پیر کی شام رام نگر جائیں گے موصولہ اطلاع کے مطابق گڑھوال موٹر اونرس یونین کی بس آج صبح پوڑی گڑھوا کے نینی ڈانڈا سے رام نگر آ رہی تھی اسی دوران مرچولا کے نزدیک کوپی کے نزدیک سراد بینڈ کے قریب یہ بے قابو ہو کر گہری کھائی میں جا گری بتایا جا رہا ہے کہ بس بھری ہوئی تھی۔ بس میں 55 افراد سوار تھے جن میں سے 28 کی موقع پر ہی موت ہوگئی جبکہ باقی زخمیوں کو رام نگر اور سالٹ اسپتالوں میں داخل کرایا گیا۔
ضلع ڈیزاسٹر منیجمنٹ آفیسر ونیت پال نے 36 لوگوں کی موت کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ 28 لوگوں کی موقع پر ہی موت ہوئی جبکہ آٹھ لوگوں کی موت رام نگر اسپتال میں ہوئی۔
معلوم ہوا ہے کہ وزیر اعلیٰ کی ہدایت پر چار افراد کو اہیر لفٹ کیا گیا ہے۔ تین لوگوں کو آل انڈیا انسٹی ٹیوٹ آف میڈیکل سائنسز (ایمس) رشیکیش میں داخل کرایا گیا ہے۔
دوسری جانب شری دھامی نے اس حادثے پر گہرے دکھ کا اظہار کیا ہے۔ انہوں نے مرحوم کے تئیں تعزیت کا اظہار کیا۔ وزیر اعلیٰ آج شام رام نگر اسپتال پہنچ کر زخمیوں کا حال معلوم کریں گے۔
وزیر اعلیٰ نے کماؤن کمشنر دیپک راوت کو اس واقعہ کی تحقیقات کا حکم دیا ہے۔ اس کے علاوہ الموڑہ اور پوڑی کے اسسٹنٹ ڈویژنل افسران (انفورسمنٹ) کو لاپرواہی کے الزام میں معطل کرنے کی بھی ہدایات دی گئی ہیں۔
یو این آئی