حیدرآباد شہر میں واقع مشہور سیاحتی مقام راموجی فلم سٹی کا دورہ
رشید راہل
حیدرآباد : جموں وکشمیر کے14صحافیوں پر مشتمل گروپ کا دورہ تلنگانہ جاری ہے ۔جمعہ کو صحافیوں کے اس گروپ نے حیدرآباد شہر میں واقع مشہور سیاحتی مقام راموجی فلم سٹی کا دورہ کیا ۔راموجی فلم سٹی حیدرآباد شہر کے سب سے خاص اور مشہور سیاحتی مقامات میں سے ایک ہے۔ راموجی فلم سٹی1666 ایکڑ پر پھیلی ہوئی ہے اور اسے گنیز بک آف ورلڈ ریکارڈ میں دنیا کاسب سے بڑا فلم اسٹوڈیو کمپلیکس قرار دیا گیا ہے۔ راموجی فلم سٹی حیدرآباد ایک ایسی جگہ ہے جہاں لندن کی نقلی سڑکیں، ہالی ووڈ سے متاثر تعمیرات، جاپانی باغات، ہوائی اڈے، اسپتال، سڑکیں، جیلیں اور شوٹنگ کے مختلف مقامات ہیں۔ یہ جگہ بالی ووڈ کے شائقین کیلئے بہترین جگہ ہے۔ راموجی فلم سٹی ایک تفریحی مقام ہے جہاں آپ فلم سٹی ٹور سے لے کر ایڈونچر اسپورٹس اور ٹوائے ٹرین کی سواریوں تک کی دلچسپ سرگرمیوں میں حصہ لے سکتے ہیں۔ جب بھی آپ راموجی فلم سٹی حیدرآباد کا دورہ کیجئے، تو اس کے دلچسپ سفر میں پورا ایک دن ضرورصرف کیجئے۔ اس طرح رامو فلم سٹی کو اچھی طرح دیکھ سکیں گے۔ راموجی فلم سٹی سے متعلق معلومات:بہت سے سیاحوں کے ذہن میں یہ سوال ہے کہ وایع اراضی پر پھیلے اس فلم سٹی کا مالک کون ہے؟ اگر آپ کے ذہن میں بھی ایسا سوال ہے تو یہ جان لیجئے کہ راموجی فلم سٹی کے مالک راموجی راﺅ ہیں، جنہوں نے1986میں راموجی فلم سٹی قائم کی تھی، حال ہی میں ان کا انتقال ہوگیا ہے۔ اس سٹی میں ہزاروں فلموں کی عکس بندی ہوچکی ہے ۔پھر بھی، راموجی فلم سٹی صرف فلم سازوں کے لیے کھیل کا میدان نہیں ہے۔ یہ عظیم الشان تقریبات اور کارپوریٹ تقریبات کا بھی ایک مقام ہے۔اس سٹی کی دیکھ بھال کے لئے ہزاروں ملازمین کو تعینات کیا گیا ۔ یہاں آنے کے بعد آپ اس ٹرین میں سوار ہو سکتے ہیں جو آپ کو فلمی دنیاکی سیر کرواتی ہے۔ یہ سرنگوں کی بھول بھلیا ہے جو آپ کو برف پوش پہاڑوں سے لے کر ریتیلے صحراﺅں تک لے جاتی ہے۔راموجی سٹی میں باغ کا ایک بہت بڑاحصہ ہے جہاں آپ دن بھر تفریح کے بعد فطرت کی آغوش میں آرام کر سکتے ہیں۔ ان کے علاوہ ہوائی اڈے، محلات، سڑکیں اور دیگر مقامات ہیں جو شوٹنگ کیلئے استعمال ہوتے ہیں۔ وفد نے بعد ازاں ”ای ٹی بھارت “ نامی میڈ یا کے ادارے مرکزی دفتر کا بھی دورہ کیا ،جو اسی سٹی میں قائم کیا گیا ۔اس موقع پر صحافت سے جڑے کئی امور پر تبادلہ خیال کیا ۔