سری نگر: یوتھ کانگریس نے منگل کے روز یہاں احتجاج درج کرکے بہار کے وزیر اعلیٰ نتیش کمار کے خلاف غم و غصے کا اظہار کیا۔
احتجاجی جم کر نعرہ بازی کر رہے تھے اور انہوں نے ہاتھوں میں پلے کارڈ اور کانگریس پارٹی کے جھنڈے اٹھا رکھے تھے۔
اس موقع پر ایک احتجاجی نے میڈیا کو بتایا: ‘آپ سب جانتے ہیں کہ کچھ روز قبل بہار کے وزیر اعلیٰ نتیش کمار نے ہماری ایک بہن کے ساتھ بدتمیزی کی’۔
انہوں نے کہا: ‘یہ احتجاج اس لئے ہے کہ جو آئین نے ہمیں حقوق دئے ہیں وہ ہمیں ملیں’۔ ان کا کہنا تھا: ‘ہم چاہتے ہیں کہ مذہب کے نام پر جو ملک میں سیاست ہو رہی ہے، وہ بند ہونی چاہئے’۔
مظاہرین نے الزام لگاتے ہوئے کہا: ‘بی جے پی ملک میں نفرت کی سیاست کر رہی ہے جبکہ کانگریس ہمیشہ محبت کی سیاست کر رہی ہے’۔
ان کا کہنا تھا: ‘جو پارٹی نتیش کمار کے خلاف آواز بلند کر رہی ہے ہم ان کی حوصلہ افزائی کر رہے ہیں اور تمام ہم خیال پارٹیوں کو ان کی مخالفت کرنی چاہئے’۔





