بدھ, دسمبر ۴, ۲۰۲۴
4.3 C
Srinagar

گلمرگ حملہ : پاکستان کشمیر میں دہشت گردی کو ہوا دے رہا ہے : فوج

سری نگر:فوج کا کہنا ہے کہ پاکستان جموں وکشمیر میں امن و امان کو درہم برہم کرنے کی سازشوں میں مصروف ہے ۔ سری نگر نشین دفاعی ترجمان کی جانب سے جاری کئے گئے ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ بوٹہ پتھری گلمرگ میں جمعرات کی شام دہشت گردوں نے اس گاڑی پر فائرنگ کی جس میں مقامی لوگ اور فورسز اہلکار سوار تھے۔انہوں نے کہاکہ چوکس فوجی اہلکاروں نے فوری طورپر جوابی کارروائی کی جس دوران حملہ آوروں نے وہی پر ہتھیار چھوڑے اور گھنے جنگلات کی طرف فرار ہوئے۔ان کے مطابق اس حملے میں فوج کے دو بہادر جوان جن کی شناخت قیصر احمد شاہ ساکن اننت ناگ اور رائفل مین جیون سنگھ کے بطور ہوئی شہید ہوئے ۔انہوں نے کہاکہ شہید فوجیوں نے دہشت گردوں کے بزدلانہ حملے کو ناکام بنا کر فرائض کی انجام دہی کے دوران جام شہادت نوش کر گئے۔موصوف ترجمان کے مطابق بہادر فوجی اہلکاروں نے دہشت گردوں کے منصوبے کو ناکام بنا کر انہیں پیچھے ہٹ جانے پر مجبور کیا ۔

انہوں نے مزید بتایا کہ شہید فوجی جوانوں نے قومی سلامتی کے تحفظ اور غیر متزلزل ہمت اور عزم کا مظاہرہ کیا، ان کا یہ بے لوث عمل ملک اور شہریوں کی حفاظت کے عزم کا ثبوت ہے۔دفاعی ترجمان کے مطابق اس حملے میں دو مقامی پورٹر ظہور احمد میر اور مشتاق احمد چودھری ساکنان اوڑی بھی شہید ہوئے۔انہوں نے کہاکہ یہ بات عیاں ہے کہ پاکستانی دہشت گرد جان بوجھ کر مقامی لوگوں کو نشانہ بنا رہے ہیں تاکہ وادی میں خوف ودہشت کا ماحول قائم کیا جاسکے ۔ان کے مطابق دہشت گردوں کا واحد مقصد وادی میں دہشت گردی کی جڑیں مضبوط کرنا مقصود ہے تاہم فوج اس کی ہرگز اجازت نہیں دے گی۔ہندوستانی فوج ان بہادر سپاہیوں اور پورٹرز کو خراج تحسین پیش کرتی ہے جنہوں نے فرائض کی انجام دہی کے دوران اپنی جانیں قربان کیں ۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ ان بہادر کشمیریوں اور ہندوستانی فوج کے جوانوں کی قربانیاں آنے والی نسلوں کو دہشت گردی کے مرتکب افراد کے خلاف کھڑے ہونے کی ترغیب دیں گی۔

Popular Categories

spot_imgspot_img