سری نگر: منشیات اسمگلنگ کے خلاف جنگ کو تسلسل کے ساتھ جاری رکھتے ہوئے جموں و کشمیر پولیس نے وسطی کشمیر کے ضلع گاندربل میں دو منشیات فروشوں کو گرفتار کرکے ان کی تحویل سے ہیروئن جیسا ممنوعہ مادہ بر آمد کیا ہے۔
ایک پولیس ترجمان نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ پولیس اسٹیشن کھیر بھوانی کی ایک ٹیم نے سینٹرل یونیورسٹی تولہ مولہ روڈ پر ایک ناکے کے دوران ایک ماروتی کار زیر رجسٹریشن نمبرJK01U – 3866 کو روکا۔
انہوں نے کہا کہ چیکنگ کے دوران دو افراد شوکت احمد بٹ ولد بشیر احمد بٹ اور سمیر احمد بٹ ولد محمد مظفربٹ (ایک تعلیم یافتہ ایم بی اے طالب علم) ساکنان بٹ ونا گاندربل کو گرفتار کیا گیا۔
ان کا کہنا ہے کہ تلاشی کے دوران ان کی تحویل سے ہیروین جیسا ممنوعہ مواد بر آمد کیا گیا جس کو بعد میں قانونی طریقہ کار کے مطابق ضبط کیا گیا۔
پولیس ترجمان نے بتایا کہ اس ضمن میں پولیس اسٹیشن کھیر بھوانی میں این ڈی پی ایس ایکٹ کے متعلقہ دفعات کے تحت زیر ایف آئی آر نمبر 41/2025 ایک مقدمہ درج کیا گیا اور مزید تحقیقات شروع کی گئیں۔
انہوں نے کہا کہ گاندربل پولیس منشیات کی بیخ کنی کو یقینی بنانے کے لئے پر عزم ہے۔
انہوں نے لوگوں سے منشیات کی اسمگلنگ سے متعلق کسی بھی جانکاری کی فراہمی میں پولیس کے ساتھ تعاون کرنے کی اپیل کی ہے۔





