جموں: منشیات کے خلاف جاری کریک ڈائون میں جموں پولیس نے ایک منشیات نیٹ ورک کا پردہ فاش کرکے ایک خاتون سمیت پانچ ملزموں کو گرفتار کیا ہے، جن کی تحویل سے ہیروئن جیسا مواد بر آمد کیا گیا۔
پولیس ترجمان نے بتایا کہ پولیس اسٹیشن بہو فورٹ کی ایک ٹیم نے ایک مستند اطلاع پر کارروائی کرتے ہوئے ریلوے پلی نروال پر ناکہ کی۔ انہوں نے کہا کہ اس دوران وشال ولد اجے ساکن لدھیانہ حال راجیو نگر جموں کو گرفت میں لے لیا گیا۔
ان کا کہنا ہے کہ تلاشی کے دوران اس کی تحویل سے 275 گرام ہیروئن اور وزن کرنے والی الیکٹرانک مشین بر آمد کی گئی۔
پولیس ترجمان نے بتایا کہ اس ضمن میں پولیس اسٹیشن بہو فورٹ میں این ڈی پی ایس ایکٹ کے متعلقہ دفعات کے تحت زیر ایف آئی آر نمبر 279/2025 ایک مقدمہ درج کیا گیا اور مزید تحقیقات شروع کی گئیں۔
انہوں نے کہا کہ تحقیقات کے دوران کیس کی پچھلی کڑیاں جوڑی گئیں، جس کے نتیجے میں دو مزید ملزموں کو گرفتار کیا گیا جن کے قبضے سے 15 گرام ہیروئن اور ایک الیکٹرانک وزن کرنے والی مشین بر آمد کی گئی۔
ملزمین کی شناخت گوگی ولد نیپ رام اور ریما زوجہ گوگی ساکنان راجیو نگر نروال جموں کے طور پر کی گئی۔
پولیس ترجمان نے بتایا کہ مزید تحقیقات کے دوران دو اور ملزموں کو گرفتار کیا گیا جن کی نشاندہی پر 55 گرام ہیروئن اور الو مینیم فوائل پیکنگ مواد بر آمد کیا گیا۔
ملزموں کی شناخت سہیل عرف کٹو ولد سریش ساکن گرو امرداس کالونی امرتسر حال راجیو نگر اور راکی سنگھ ولد مرحوم رام سنگھ ساکن راجیو نگر نروال جموں کے طور پر کی گئی۔انہوں نے کہا کہ گرفتار شدہ ملزموں کی تحویل سے مجموعی طور پر 345 گرام ہیروئن بر آمد کی گئی۔
موصوف ترجمان نے بتایا کہ منشیات کے نیٹ ورک کی پچھلی اور آگے کی کڑیوں کو بے نقاب کرنے کی کوششیں جاری ہیں۔
انہوں نے کہا کہ اس کے علاوہ مالی تفتیش بھی شروع کر دی گئی ہے تاکہ منشیات کی اسمگلنگ سے حاصل ہونےو الی آمدنی کو قانونی کی متعلقہ دفعات کے تحت ضبط کیا جا سکے۔





