پونے: ہندوستانی کرکٹ ٹیم کے کوچ گوتم گمبھیر نے کے ایل راہل کی حالیہ فارم کو لے کر ان کا دفاع کرتے ہوئے کہا کہ کھلاڑیوں کا انتخاب سوشل میڈیا یا ماہرین کی رائے کی بنیاد پر نہیں کیا جاتا ہے۔
گمبھیر نے راہل کی فارم پر کہا، ’’آپ کھلاڑیوں کو سوشل میڈیا کی وجہ سے یا ماہرین کی رائے کے مطابق انتخاب نہیں کرتے ہیں۔ آپ اس کے مطابق انتخاب کرتے ہیں کہ ٹیم مینجمنٹ کیا سوچتی ہے اور قیادت گروپ کیا سوچتا ہے کہ کیا اہم ہے۔ آخرکارہر کسی کو جج کیا جاتا ہے۔”
انہوں نے کہا، ’’سچ کہوں توبین الاقوامی کرکٹ جانچنے کے لیے ہی ہے کیونکہ سب کی کارکردگی تب ہی جانچی جاتی ہے، لیکن مجھے لگتا ہے کہ راہل بہت اچھی بلے بازی کر رہے ہیں۔ انہوں نے کانپور میں ایک مشکل وکٹ پر بنگلہ دیش کے خلاف اچھی اننگ کھیلی تھی۔ وہ حکمت عملی کے مطابق بھی کھیلتے ہیں۔ میں پورے اعتماد کے ساتھ کہہ سکتا ہوں کہ وہ بھی بڑے رنز بنانا چاہتے ہیں اور وہ ایسا کرنے کی صلاحیت بھی رکھتے ہیں۔ یہی وجہ ہے کہ ٹیم انتظامیہ نے ان کا دفاع کیا ہے۔
انہوں نے واشنگٹن کی ٹیم میں شمولیت کے بارے میں کہا، "ہم نے صرف یہ سوچا تھا کہ نیوزی لینڈ کی ٹیم میں پلیئنگ الیون میں چار یا پانچ بائیں ہاتھ کے بلے باز ہیں۔ ہم چاہتے ہیں کہ بائیں ہاتھ کے بلے بازوں سے باہر گیند نکلے تو ایسا گیندباز ہمارے لئے فائدہ مند ہے، لیکن ہم نے ابھی تک اپنے پلیئنگ الیون کے بارے میں کوئی فیصلہ نہیں کیا۔
انہوں نے کہا، ’’ہمارے خیال میں ان کے پاس دو اوپننگ بلے باز ہیں اور مڈل آرڈر میں راچن رویندرا جو بائیں ہاتھ کے بلے باز ہیں۔ لہٰذا ایسی صورت حال میں اگر واشنگٹن ہمیں درمیان میں مزید کنٹرول دے سکے تو یہ ہمارے لیے اچھا ہوگا۔
انہوں نے کہا، ’’ایک بار نیوزی لینڈ ٹیسٹ سیریز ختم ہوجانے کے بعد آسٹریلیا میں ٹیسٹ سیریز شروع ہونے سے پہلے ہمارے پاس ابھی 10 یا 12 دن باقی ہیں۔ یہ ہمارے تیز گیند بازوں کے لیے بھی کافی وقفہ ہے۔ لیکن ہم ٹیسٹ میچ کے بعد بھی اس بات پر نظر رکھیں گے کہ جسپریت بمراہ کہاں ہیں۔ لیکن بات صرف بمراہ کی نہیں ہے۔ یہ سب فاسٹ باؤلرز کے بارے میں ہے۔ ہم انہیں تروتازہ رکھنا چاہتے ہیں۔ ہم جانتے ہیں کہ ہمیں آسٹریلیا کا طویل دورہ اور ایک اہم دورہ ملا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بمراہ کے کام کا انتظام اس بات پر منحصر ہے کہ اس ٹیسٹ کا نتیجہ کیا نکلتا ہے اور وہ اس میچ میں کتنی بولنگ کرتے ہیں۔