سری نگر:جنوبی ضلع کولگام کے برنیولامڑ علاقے میں شام دیر گئے آدم خور تیندوے نے چھ سالہ لڑکے پر حملہ کرکے اس کو اپنے ساتھ جنگل کی اور لے گیا ۔اطلاعات کے مطابق کولگام کے مضافاتی علاقے برنیو لامڑ میں اس وقت سراسیمگی پھیل گئی جب رہائشی مکان کے صحن میں کھیل کود میں مصروف سات سالہ لڑکے پر تیندوے نے اچانک حملہ کیا اوراپنے ساتھ جنگل کی جانب لے گیا۔ معلوم ہوا ہے کہ چیخ و پکار کی صدائیں بلند ہونے کے ساتھ ہی مقامی لوگوں نے تیندوے کا پیچھا کیا تاہم وہ گھنے جنگلات کی طرف بچ نکلنے میں کامیاب ہوا۔پولیس ، وائلڈ لائف محکمہ کے اہلکار اور مقامی لوگوں نے کمسن لڑکے کی بڑے پیمانے پر تلاش شروع کی ہے۔
دریں اثنا وائلڈ لائف محکمہ کے ایک سینئر عہدیدار کا کہنا ہے کہ پولیس ، وائلڈ لائف محکمہ اور مقامی لوگوں نے جنگلی علاقے میں بڑے پیمانے پر آپریشن شروع کیا ہے۔آخری اطلاعات موصول ہونے تک آپریشن جاری تھا۔اس سلسلے میں مزید تفصیلات کا انتظار ہے۔