جموں:جموں وکشمیر کے کشتواڑ ضلع کے گنجان آبادی والے علاقے وارڈون میں آگ کی ایک ہولناک واردات میں 45رہائشی مکان خاکستر ہوئے ہیں۔معلوم ہوا ہے کہ فائر اینڈ ایمرجنسی ، فوج اور پولیس آگ بجھانے کی کارروائی میں مصروف ہے۔اطلاعات کے مطابق پیر کی دوپہر کشتواڑ کے دور افتادہ علاقے وارڑون کی بستی سے آگ نمودار ہوئی جس نے آناً فاناً پوری بستی کو اپنی لپیٹ میں لے لیا۔
مقامی لوگوں کے مطابق آگ نے پوری بستی کو اپنی لپیٹ میں لے لیا ہے جس وجہ سے درجنوں رہائشی مکان آگ کی لپیٹ میں آچکے ہیں۔ذرائع کے مطابق 45کے قریب رہائشی مکانات خاکستر ہوئے ہیں جبکہ ایک جامع مسجد کو بھی نقصان پہنچا ہے۔فائر اینڈ ایمرجنسی کے ایک سینئر عہدیدار نے یو این آئی اردو کو بتایا کہ کشتواڑ کے وارڑون بستی سے آگ نمودار ہوئی ہے جس نے متعدد رہائشی مکان کو لپیٹ میں لے لیا۔
انہوں نے کہاکہ پولیس ، فوج ، مقامی لوگ اور فائر اینڈ ایمرجنسی عملے کے اہلکار اس وقت جائے موقع پر ہے تاہم آگ کی ا س بھیانک واردات میں کروڑوں کی املاک تباہ ہوئی ہے۔ان کے مطابق آخری اطلاعات موصول ہونے تک 40رہائشی مکانوں کو نقصان پہنچا تھا جبکہ علاقے میں آگ بجھانے کی کارروائی جاری ہے
ایس ڈی یم مرواہ ڈاکٹر اشرف نے بتایا کہ کشتواڑ کے واڑ ون علاقےکے ملوارون بستی میں تین بجے کے قریب آگ نمودار ہوئی جس نے بستی کو اپنی لپیٹ میں لے لیا۔انہوں نے کہاکہ چونکہ علاقہ کافی دشوار ہے جس وجہ سے فائر اینڈ ایمرجنسی عملے کو سخت دشواریوں کا سامنا کرناپڑا۔
ان کے مطابق اننت ناگ اور کوکر ناگ سے چار فائر ٹینڈر وں کو فوری طورپر جائے موقع کی اور روانہ کیا گا تاہم مرگن ٹاپ میں پھسلن کی وجہ سے انہیں کچھ وقت لگا۔ایس ڈی ایم نے مزید بتایا کہ آگ کی اس واردات میں زائد از 40رہائشی مکان خاکستر ہوئے ہیں جبکہ آگ کو مزید پھیلنے سے روکنے کی خاطر کئی مکانوں کو گرایا گیا ۔
انہوں نے مزید بتایا کہ ضلعی ترقیاتی کمشنر نے فوری طورپر پانچ لاکھ روپیہ متاثرین میں تقسیم کرنے کی ہدایت دی ہے۔ایس ڈی ایم نے مزید بتایا کہ متاثرین کی باز آباد کاری کی خاطر بھی فوری طورپر اقدامات کئے جارہے ہیں۔یہ رپورٹ فائل کرنے تک کشتواڑ کے وارڈ ون علاقے میں آگ بجھانے کی کارروائی جاری تھی۔اس سلسلے میں مزید تفصیلات کا انتظار ہے۔