سری نگر: میر واعظ کشمیر میر واعظ عمر فاروق کا دعویٰ ہے کہ انہیں لگاتار دوسرے جمعہ بھی جامع مسجد جانے کی اجازت نہیں دی گئی۔انہوں نے اپنے ‘ایکس’ ہینڈل پر اپنے ایک ویڈیو بیان میں کہا: ‘مجھے مسلسل دوسرے جمعہ بھی جامع مسجد جانے کی اجازت نہیں دی جا رہی ہے، افسوس کا مقام ہے کہ حکومت ہماری دینی اور شہری آزادی پر قدغن لگا رہی ہے’۔
ان کا کہنا تھا: ‘یہ جمعہ میرے لئے اس لئے بھی اہم تھا کیونکہ اسی ہفتے پروفیسر عبد الغنی بٹ جو میرے دیرینہ دوست اور ساتھی رہے ہیں، ہم سے جدا ہوگئے،ہمیں نہ ان کے نماز جنازہ میں شریک ہونے دیا گیا اور نہ ان کے اہلخانہ کے ساتھ تعزیت کرنے کا موقع دیا جا رہا ہے، کیا حکام اس قدر خوف زدہ ہیں کہ ہم اپنے مرحومین کو الوداع بھی نہیں کہہ سکتے ہیں’۔
عمر فاروق نے کہا: ‘مجھے ہفتہ بہ ہفتہ گھر میں نظر بند رکھا جا رہا ہے اور جامع مسجد جیسے عظیم مرکزعبادت میں نماز جمعہ ادا کرنے سے روکا جا رہا ہے’۔
انہوں نے کہا: ‘ہمیں اپنے قائدوں، ساتھیوں کو وداع کرنے اور ان کے حق میں دعا کرنے سے روکا جار ہا ہے، یہ نہ صرف نا انصافی ہے بلکہ یہ امر قابل مذمت بھی ہے’۔





