جمعہ, ستمبر ۲۰, ۲۰۲۴
24.9 C
Srinagar

جموں وکشمیر کے لوگ ہی اس خطے کے حقیقی مالک ہیں: ڈاکٹر فاروق عبداللہ

سری نگر:نیشنل کانفرنس کے صدر اور سابق وزیر ڈاکٹر فاروق عبداللہ کا کہنا ہے کہ جموں وکشمیر کے لوگ ہی اس علاقے کے حقیقی مالک ہیں۔ دفعہ 370 کی بحالی کے بارے میں پوچھے جانے والے ایک سوال میں انہوں نے کہا: ‘میں کہنا چاہتا ہوں کہ ہم ان کے غلام نہیں ہیں ہم جموں و کشمیر کے لوگ ہی اس خطے کے اصلی مالک ہیں، ان کے پیادے ہوش کے ناخن لیں طوفان آنے والا ہے جس کا ان کو سامنا کرنا پڑے گا’۔
علاحدگی پسندوں کے مین اسٹریم جماعتوں میں شامل ہونے کے بارے میں پوچھے جانے پر موصوف صدر نے جمعرات کو نامہ نگاروں کو بتایا: ‘اس سوال کا جواب وہ دیں گے جو کل تک پاکستان پاکستان کرتے تھے’انہوں نے کہا کہ بی جے پی لوگوں کو نوکریاں دینے کے وعدے کو پورا کرنے میں ناکام ہوئی ہے۔بی جے پی کے جموں و کشمیر میں سرکار بنانے کے دعوے پر ان کا کہنا تھا: ‘ہم بھی دیکھیں گے اور وہ بھی دیکھیں گے’۔
ہندوستان اور پاکستان کے درمیان بات چیت کے بارے میں انہوں نے کہا: ‘فاروق عبداللہ یہ بات چیت نہیں کر سکتا ہے بلکہ بات چیت ہندوستان اور پاکستان کے وزرائے اعظم کو کرنی ہے’۔

یو این آئی

Popular Categories

spot_imgspot_img