پیر, جنوری ۲۶, ۲۰۲۶
3.1 C
Srinagar

جنوبی فلپائن میں فیری ڈوبنے سے 15 افراد ہلاک، 28 لاپتہ

منیلا: جنوبی فلپائن کے صوبہ باسیلان کے قریب پیر کی علی الصبح ایک بین جزیرہ فیری کشتی ڈوبنے کے بعد کم از کم 15 لاشیں برآمد کر لی گئی ہیں، جبکہ 28 سے زائد افراد تاحال لاپتہ ہیں۔ حکام کے مطابق اس کشتی میں 350 سے زائد مسافر اور عملہ سوار تھا۔

فلپائن کوسٹ گارڈ (پی سی جی) کے کمانڈر رومیل دوا نے بتایا کہ کم از کم 316 افراد کو بحفاظت بچا لیا گیا ہے۔
پی سی جی کے مطابق ایم/وی تریشا کیرسٹن 3 زامبوانگا سٹی سے صوبہ سولو کے جولو جزیرے کی جانب روانہ تھی کہ پیر کی صبح مقامی وقت کے مطابق 2 بجے سے قبل سولو سمندر میں واقع حدجی مہتامد کے علاقے بلوک-بلوک جزیرے کے قریب غرق ہو گئی۔

پی سی جی کے سربراہ ایڈمرل رونی گِل گاون نے منیلا میں صحافیوں کو بتایا کہ کشتی اتوار کی شب مقامی وقت کے مطابق تقریباً 9 بج کر 20 منٹ پر زامبوانگا سٹی کی بندرگاہ سے روانہ ہوا تھا۔
انہوں نے کہا کہ ’’تلاش اور بچاؤ کی کارروائیاں جاری ہیں، تاہم میں یہ واضح کرنا چاہتا ہوں کہ کشتی میں گنجائش سے زیادہ مسافر سوار نہیں تھے۔ اس کی زیادہ سے زیادہ گنجائش 350 مسافروں کی تھی اور کپتان کے بیان کے مطابق کشتی پر سوار مسافروں کی اصل تعداد 332 تھی۔‘‘

انہوں نے مزید کہا کہ پی سی جی نے واقعے پر فوری کارروائی کی اور خطے میں موجود تمام امدادی وسائل کو بچاؤ کارروائی میں شامل کر لیا گیا ہے۔

ایڈمرل گاون کے مطابق، جانی نقصان ہوا ہے، تاہم تفصیلات ابھی حتمی نہیں ہیں۔ان کے مطابق کشتی ڈوبنے کی وجوہات کی تحقیقات جاری ہیں۔

یو این آئی

 

Popular Categories

spot_imgspot_img