قومی اردو کونسل میں 77ویں یوم جمہوریہ کے موقعے پر تقریب پرچم کشائی
نئی دہلی: آج 26 جنوری کے موقعے پر قومی کونسل برائے فروغ اردو زبان کے صدر دفتر میں ڈائرکٹر ڈاکٹر شمس اقبال نے پرچم کشائی کی اور اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ آئیے ہم آئین اور جمہوریت کے مطالعے سے اپنی مشترکہ تہذیب کا جشن منائیں، جس سے باخبر شہری اور مضبوط قوم کی تشکیل ہوتی ہے۔
آئین ہند کا علم اور اس کی پاسداری ایک اچھا اور ذمہ دار شہری بننے میں ہماری مدد کرتے ہیں۔ یوم جمہوریہ کے اس موقع پر ہمیں سیاسی و سماجی حقوق سے بہرہ ور ہونے کے ساتھ اپنی ذمہ داریوں کا بھی احساس ہوتا ہے۔ اس دن ہمیں اپنا محاسبہ کرنا چاہیے اور قومی ذمہ داریوں پر بھی توجہ دینی چاہیے۔
انہوں نے مزید اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ دیگر زبانوں کی طرح اردو زبان و ادب نے بھی جمہوریت کے فروغ میں اہم کردار ادا کیا ہے اور مختلف شعرا و ادبا نے اس حوالے سے گراں قدر تخلیقات بھی پیش کی ہیں۔
قومی اردو کونسل اردو زبان کے فروغ کے ساتھ مختلف شعبوں میں اس کے کارہائے نمایاں کو منظر عام پر لانے کے لیے کوشاں رہی ہے۔ ملک کی تعمیر و ترقی میں اردو کی خدمات سے عوام کو متعارف کرانا بھی کونسل کی اہم ذمہ داری ہے۔ پرچم کشائی کی اس تقریب میں ڈاکٹر شمع کوثر یزدانی (اسسٹنٹ ڈائرکٹر، اکیڈمک) اور دیگر افسران و اراکین موجود رہے۔





