کٹھوعہ: کٹھوعہ ضلع میں ملی ٹنٹوں کے حملے میں پانچ فوجی جوانوں کی ہلاکت کے بعد سری نگر۔جموں قومی شاہراہ پر سیکورٹی سخت کر دی گئی ہے۔جموں و کشمیر کے کٹھوعہ ضلع کے دور افتادہ لوہی ملہار مچھیڈ علاقے میں پیر کی سہ پہر ملی ٹنٹوں کے ایک فوجی قافلے پر حملے کے بعد پانچ فوجی ہلاک اور متعدد زخمی ہو گئے۔ فوج نے بتایا کہ علاقے میں فوجیوں اورملی ٹنٹوں کے درمیان ابھی بھی تصادم جاری ہے۔
حملے کے بعد، سینٹرل انڈسٹریل سیکورٹی فورس (سی آئی ایس ایف)، سینٹرل ریزرو پولیس فورس (سی آر پی ایف) اور جموں و کشمیر پولیس کے اہلکاروں کو ادھم پور میں قومی شاہراہ (این ایچ 44) کے ساتھ تعینات کیا گیا ہے۔
یہ اقدام اس وقت اٹھایا گیا جب منگل کی صبح امرناتھ یاتریوں کا 11 واں قافلہ ادھم پور سے گزرا۔ سیکورٹی فورسز کی جانب سے یاتریوں کی حفاظت کو یقینی بنانے کے لیے کثیر الجہتی حفاظتی انتظامات کیے گئے ہیں۔دریں اثنا، حملے میں زخمی ہونے والے پانچ فوجیوں کو مزید علاج کے لیے پٹھانکوٹ کے ملٹری ہسپتال ریفر کر دیا گیا ہے۔
شیلا دیوی، کمیونٹی ہیلتھ سینٹر، بلاور کی میڈیکل آفیسر نے اے این آئی کو بتایا، "پانچ زخمی جوانوں کو یہاں لایا گیا اور انہیں ابتدائی طبی امدادفراہم کی گئی۔ انہیں علاج کے لیے پٹھانکوٹ کے ملٹری اسپتال ریفر کیا گیا ہے۔ ایک لاش یہاں لائی گئی ہے”،
9 جون سے ریاسی، کٹھوعہ اور ڈوڈہ میں چار مقامات پر ملی ٹنٹ حملے ہوئے ہیں جن میں نو یاتری اور سینٹرل ریزرو پولیس فورس (سی آر پی ایف) کا ایک جوان مارا گیا ہے۔ ایک شہری اور کم از کم سات سیکورٹی اہلکار زخمی بھی ہوئے۔ قبل ازیں مرکزی وزیر داخلہ امیت شاہ نے جموں و کشمیر میں سیکورٹی کے منظر نامے پر ایک جائزہ میٹنگ کی صدارت کی اور تمام سیکورٹی ایجنسیوں کو ہدایت دی کہ وہ "مشن موڈ میں کام کریں اور مربوط انداز میں فوری ردعمل کو یقینی بنائیں۔
بشکریہ :اے این آئی