جموں: جموں وکشمیر پردیش کانگریس کمیٹی نے ہفتے کے روز یہاں سمارٹ میٹروں کی تنصیب کے خلاف احتجاج درج کیا۔
احتجاجیوں نے ہاتھوں میں پلے کارڈس اٹھا رکھے تھے اور وہ جم کر نعرہ بازی کر رہے تھے۔
اس موقع پر سینئر پارٹی لیڈر رمن بھلہ نے میڈیا کے ساتھ بات کرتے ہوئے کہا کہ آج لوگوں پر زور زبردستی سمارٹ میٹروں کا بوجھ لادا جا رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ یہاں 2014 سے میٹر لگائے جا رہے ہیں اور جو بھی یہاں آتا ہے میٹر لگاتا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ اولڈ ایج پنشن بند کر دیا گیا جو بزرگوں کا ایک سہارا تھا۔
موصوف لیڈر نے کہا کہ کچھ لوگ پرانے میٹروں اور سمارٹ میٹروں کی ریڈنگ چیک کر رہے ہیں جو برابر ہے۔
انہوں نے سوال کرتے ہوئے کہا کہ اگر یہ ریڈنگ یکساں ہے تو سمارٹ میٹر لگانے کا کیا فائدہ ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ ہم ہر محلے اور ہر وارڈ میں لوگوں کے ساتھ کھڑا رہیں گے۔
یو این آئی





