شوکت ساحل
سرینگر: وسطی ضلع گاندر بل سے 62کلو میٹر اور گرمائی دارالحکومت سرینگر سے80کلومیٹر کی مسافت پر واقع وادی کشمیر کا مشہور ومعروف سیاحتی مقام سونہ مرگ فطری نظاروں کے حوالے سے مقامی سیلانیوں اور سیاحوں کے لئے موسم گرما میں دلچسپی کا مرکز رہتا ہے ۔یہ سیاحتی مقام سطح سمندر سے2 ہزار730میٹر (8ہزار960فٹ ) کی بلندی پر واقع ہے ۔اس سیاحتی مقام پرسیاحوں اور سیلانیوں کی جانب سے پھیلائے جانے والے کچرے سے ناصرف ا س سیاحتی مقام کی خوبصورتی ماند پڑرہی ہے بلکہ اس سے ماحولیاتی آلودگی میں بھی اضافہ ہورہا ہے۔

تاہم سونہ مرگ ڈیولپمنٹ اتھارٹی اور محکمہ سیاحت نے اس خطرے اور چیلنج سے نمٹنے کے لئے سنہ2021میں سربل علاقے میں ایک سالڈ ویسٹ ٹریٹمنٹ پلانٹ نصب کیا ۔اس ٹریٹمنٹ پلانٹ میں 3مشینیں نصب کردی گئی ہیں ،جن میں 11ٹن ٹھوس کچرے کو ضائع کرنے یا کھاد میں تبدیل کرنے کی صلاحیت ہے ۔یہ پلانٹ 9ہزار500مربع میٹر پر پھیلا ہوا ہے اور اسکے لئے محکمہ جنگلات نے اپنی راضی وقف کی ہے ۔
سونہ مرگ ڈیولپمنٹ اتھارٹی کے چیف ایکزیکٹیو افسر ،ڈاکٹر الیاس احمد نے بتایا کہ سرنل سونہ مرگ سا لڈ ویسٹ ٹریٹمنٹ پلانٹ میں تین مشینیں نصب کی گئی ہیں ،جن میں (Auto Composter) ،(Disintegrator) جسکی صلاحیت 1ایم پی ہے اور (Segregation Bio Composter)ہے۔(Auto Composter)اور(Segregation Bio Composter)کی صلاحیت5ایم پی ہے ۔ان کا کہناتھا کہ موسم گر ما کے سیاحتی سیزن اور یاترا کے دوران ٹھوس کچرا ہوٹلوں اور دیگر ایجنسیز سے جمع کرکے ٹریٹمنٹ پلانٹ تک پہنچا یا جاتا ہے ۔جہاں اس کو سائنسی بنیادوں پر ضائع کرکے کھاد میں تبدیل کیا جاتا ہے ۔انہوں نے کہا کہ پہلے ٹھوس کچرے کو علیحدہ کیا جاتا ہے اور سنگل یوز پلاسٹک اور دیگر پلاسٹک مصنوعات کو علیحدہ کرکے پلانٹ میں ہی ضائع کیا جاتا ہے ۔

ان کا کہناتھا کہ چوبیس گھنٹے مشین چلانے کی صلاحیت11ٹن ہے ۔تاہم ٹریٹمنٹ پلانٹ کا کام اُس وقت متاثر ہوتا ہے جب ہوٹلوں اور دیگر ایجنسیوں سے بے ترتیب صورت میں ٹھوس کچرا حاصل ہوتا ہے ۔کیوں کہ ٹھوس کچرے کو علیحدہ کرنے میں وقت لگتا ہے ،جس کی وجہ سے ٹریٹمنٹ پلانٹ کی صلاحیت11ٹن سے گر کر7یا8ٹن تک پہنچ جاتی ہے ۔ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ جمع شدہ کچرے کو ٹریٹمنٹ پلانٹ کے احاطے سے باہر جمع نہیں کیا جاتا ہے بلکہ سخت ہدایات کے تحت احاطے میں ہی رکھا جاتا ہے ،کیوں کہ بیشتر کچرا25روز میںا قدرتی طور پر ضائع ہوتا ہے اور اس سے بھی جمع شدہ کچرے کی قدر کم ہوتی ہے ۔سونہ مرگ ڈیولپمنٹ اتھارٹی کے چیف ایکزیکٹیو افسرنے بتایا کہ ٹریٹمنٹ پلانٹ،سونہ مرگ ڈیولپمنٹ اتھارٹی نے نصب کیا ہے ،تاہم اس کو چلانے کے لئے ایک پیشہ ور ’آﺅٹ سورس کمپنی ‘ کو دیا گیا ہے ۔البتہ ٹریٹمنٹ پلانٹ کی نگرانی ذمہ دارسرکاری افسر ہی کرتے ہیں ۔

سالڈ ویسٹ ٹریٹمنٹ پلانٹ کے انچارج ،ذاکر حسین نے بتایا کہ موسم گر ما کے سیاحتی سیزن اور یاترا کے دوران روزانہ 50سے60 گاڑیاں کچرا لیکر ٹریٹمنٹ پلانٹ تک پہنچتی ہیں ۔ان کا کہناتھا کہ40سے45گاڑیاں ہوٹلوں اور دیگر ایجنسیوں سے کچرا حاصل کرتی ہیں جبکہ سونہ مرگ پیالے اور اسکے گرد ونواح سے 10سے15گاڑیاں کچرا حاصل کرتی ہیں ۔ان کا کہناتھا کہ اگر بجلی کی سپلائی چوبیس گھنٹے برابر رہتی ہے ،تو ایک ماہ میں ہی سارے جمع شدہ کچرے کا ضائع یا پھر کھاد میں تبدیل کیا جاتا ہے ۔
یہ پوچھنے جانے پر کھاد کا کیا ،کیا جاتا ہے ؟تو انہوں نے کہا کہ اس کھاد کو گاندر بل ضلعے سے وابستہ کسانوں اور کاشت کاروں میں مفت میں تقسیم کیا جاتا ہے ،تاکہ وہ اپنا’فیڈ بیک‘(رائے) دے سکے کہ آیا کچرے سے تیار کی جانی والی کھاد کاشتکاری سرگرمیوں کے لئے فائدہ مند ہے یا نہیں ؟ انہوں نے دعویٰ کرتے ہوئے کہا کہ چوبیس گھنٹوں میں اس ٹریٹمنٹ پلانٹ سے کم از کم 6سے7ٹن کھاد تیار کی جاتی ہے ۔ان کا کہناتھا کہ یہ کھاد باغبانی اور پھولبانی سرگرمیوں کے لئے زیادہ مفید ہے ،تاہم اس حوالے سے زرعی ماہرین ہی زیادہ تاثرات یا اپنی راے دے سکتے ہیں ۔

آﺅٹ سورس کمپنی نے اس ٹریٹمنٹ پلانٹ پر 6مزدورں کو تعینات کیا ہے ،جو کچرے کو الگ الگ کرنے کے علاوہ اس کچرے کو کھاد میں تبدیل کرتے ہیں ۔ایک مزدور نے اپنا نام ظاہر نہ کرتے ہوئے بتایا کہ 24گھنٹے میں یہاں کم از کم 5ٹن کھاد برآمد کی جاتی ہے،تاہم بجلی سپلائی برابر نہیں رہتی ہے جسکی وجہ سے یہ پلانٹ پوری طرح سے کام نہیں کرپاتا ہے ۔انہوں نے کہا کہ ٹھوس کچرے کو مشینوں کے ذریعے کھاد میں تبدیل کیا جاتا ہے اور بعدازاں اس کو افرادی قوت کے ذریعے چھلنی سے گزار کر ایک مفید کھاد تیار کی جاتی ہے ،جسے کسانوں اور کاشت کاروں میں تقسیم کیا جاتا ہے ۔

اس دوران ذرائع سے معلوم ہوا ہے کہ ٹریٹمنٹ پلانٹ پر مہینوں کچرا جمع رہتا ہے ،جسکی وجہ سے ہوا میں عفونت پھیل رہی ہے ۔ جبکہ پلاسٹک اور دیگر کچرے کو شام ڈھلنے کے بعد جلا کر ضائع کیا جاتا ہے ،تاہم اس حوالے سے سائنسی بنیادوں پر اقدامات نہیں کئے جاتے ہیںاور ٹریٹمنٹ پلانٹ کی چمنی سے خارج ہونا والا سیاہ دھواں سونہ مرگ کے ماحولیات کو متاثر کررہا ہے ۔سونہ مرگ کے ہوٹلوں اور دیگر ایجنسیوں سے کتنا کچرا روزانہ یا ماہانہ کی بنیاد پر حاصل کیا جاتا ہے ،اس حوالے سے سونہ مرگ ڈیولپمنٹ اتھارٹی یا ٹریٹمنٹ پلان کے ذمہ داراں نے اعداد وشمار ظاہر نہیں کئے ۔





