شہر خاص کی اہمیت۔۔۔

شہر خاص کی اہمیت۔۔۔

وادی کشمیر کا شہر خاص علاقہ سیاسی ، تجارتی اور جغرافیائی اعتبار سے انتہائی اہم مانا جاتا تھا، پہلے ایام میں اسی شہر کے مہاراج گنج اور زینہ کدل علاقوں میں دنیا کی منڈیوں سے مال آتا جاتا تھا ۔ اس علاقے میں تواریخی خانقاہ ، بڈشاہ کا مقبرہ ،جامع مسجد اور عیدگاہ جیسی جگہیں انتہائی اہمیت کی حامل ما نی جاتیہیں ۔ جہاں تک جموں وکشمیر کی سیاست کا تعلق ہے ،وہ بھی ان ہی علاقوں سے پروان چڑی اور اس طرح زینہ کدل میں قائم مجاہد منزل آج بھی وادی کی سیاسی داستان بہ زبان حال بیان کررہا ہے ۔ گذشتہ تین دہائیوں کے نامساعد حالات میں اس شہر خاص کے تاجر سب سے زیادہ متاثر ہوئے، جہاں پر ہر روز ہڑتال ، کرفیو ہوتا تھا اور فائرنگ وتشدد کے واقعات روزرونما ہورہے تھے ۔گذشتہ چار برسوں میں یہاں کے تاجر پھر ایک بار جموں وکشمیر کے تجارتی نقشے پر آگئے جہاں دن بھر لوگوں کی بھیڑ ہوتی ہے اور اپنی اپنی قسمت کے مطابق چھوٹے بڑے تاجر اپنا روز گار کما رہے ہیں ۔ گذشتہ 30برسوں کے دوران یہاں بے شمارتجارتی انجمنیں وجود میں آگئیں لیکن وہ اسی راستے پر گامزن تھیں جس راستے پر یہاں کے سیاسی حالات اور سیاسی لیڈران نظر آرہے تھے ۔

حالات کسی حدتک تبدیل ہونے لگے، نوجوان تجارت کرنے کیلئے آگے آگئے اور ان کی تعمیر و ترقی ، فلاح وبہبود کیلئے شہر خاص ٹریڈ ریس اینڈ چیمبرس نامی تجارتی انجمن کی داغ بیل ڈالی گئی ۔ اس تنظیم کے ذمہ داروں نے دن رات محنت کرکے لگ بھگ پورے شہر خاص میں اپنا نیٹ ورک قائم کیا اور آج وہ نئے تاجروں کی حوصلہ افزائی کیلئے آگے آرہے ہیں ۔ اس تنظیم کے ذمہ داروں نے انتظامیہ اور تاجر برادری کے درمیان تال میل قائم کرنے اور یہاں کی تجارت کو فروغ دینے کیلئے کئی منصوبے ہاتھ میں لیے ہیں ۔ بند ہوئے کارخانوں کو دوبارہ کھڑا کرنے کیلئے مالی اداروں اور بینکوں کے ساتھ رابطہ قائم کیا۔ شہر کے مختلف علاقوں میں تجارت کو فروغ دینے کیلئے محکمہ سیاحت کو شہر میں تجارتی میلے منعقد کرنے کی گذارش کی ، شہر خاص میں پارکنگ کا انتظام کرنے کا منصوبہ، انتظامیہ کے سامنے رکھا جو نہایت ہی مفید اور کارگر ثابت ہوسکتا ہے۔ ان منصوبوں کو عملانے کیلئے سرکار کو اولین فرصت میں اپنی توجہ مبذول کرنا چاہئے، تاکہ اس تواریخی اور حساس سیاسی وتجارتی شہر کے تاجروں اور عام لوگوں کی حالت بہتربن سکے، جنہوں نے گذشتہ تین دہائیوں کے دوران مسائل ومصائب جھیلے ہیں اور ہر اعتبار سے نقصان اٹھایا ہے ۔

Leave a Reply

Your email address will not be published.