سری نگر،27فروی: جموں وکشمیر میں حج 2023کے لئے سرگرمیاں تیز ہو گئی ہیں اور خواہشمند عازمین کی جانب سے فارم بھرنے کا سلسلہ شروع ہو چکا ہے۔حج کمیٹی کے عہدیدار نے بتایا کہ امسال کرایہ میں تقریباً 80ہزار روپیہ کم کئے گئے ہیں۔
انہوں نے کہاکہ امسال وی آئی پی کوٹا بھی ختم کیا گیا۔اطلاعات کے مطابق جموں وکشمیر میں حج 2023کی سرگرمیاں تیز ہو گئی ہیں۔معلوم ہوا ہے کہ امسال سرکار نے حج کو آسان او رسستا بنانے کا دعویٰ کیا ہے۔ذرائع نے بتایا کہ خواہشمند عازمین کو سہولیت فراہم کرنے کی خاطر ریجنل پاسپورٹ آفیسر نے خصوصی مہم شروع کی ہے۔عازمین حج کو مختلف سہولیتیں فراہم کی جارہی ہیں۔
حج کمیٹی کے ایک عہدیدار نے بتایا کہ امسال حج کرایہ میں تقریباً 80ہزار روپیہ کم کئے گئے جبکہ عازمین کے لئے آن لائن فارم کی سہولیت بھی دستیاب رکھی گئی ہیں۔ان کے مطابق پہلے عازمین کو حج فارم کے حصول کی خاطر تین سو روپیہ ادا کرنے پڑ تے تھے لیکن رواں برس آن لائن فارم دستیاب رکھے گئے ہیں۔انہوں نے مزید بتایا کہ امسال وی آئی پی کوٹے کو بھی ختم کیا گیا اور یہ کہ امسال سفر حج گزشتہ برسوں کے مقابلے میں آسان ہے۔
یو این آئی