سری نگر،9 فروری : محکمہ موسمیات کی پیش گوئی کے عین مطابق وادی کشمیر کے پہاڑی علاقوں میں کہیں کہیں بشمول سیاحتی مقام گلمرگ میں جمعرات کی علی الصبح سے ہی برف باری شروع ہوئی جبکہ میدانی علاقوں میں بارشوں کا سلسلہ شروع ہوا۔
متعلقہ محکمے کے ایک ترجمان نے بتایا کہ وادی میں اگلے چوبیس گھنٹوں کے دوران برف و باراں کا امکان ہے۔
انہوں نے کہا کہ وادی کے بالائی علاقوں میں 9 فروری کو بھاری برف باری ہوسکتی ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ وادی میں 10 فروری کو مطلع ابر آلود رہ سکتا ہے اور کہیں کہیں ہلکی برف باری کا امکان بھی ہے۔
ترجمان نے کہا کہ بعد ازاں وادی میں ایک ہفتے تک موسم خشک رہنے کی توقع ہے۔
محکمے نے ان علاقے کے لوگوں جہاں برفانی تودے گر آنے کے خطرات رہتے ہیں، سے ہوشیار رہنے کی تاکید کی ہے۔
انہوں نے کہا کہ لوگوں کو سری نگر- جموں قومی شاہراہ پر سفر کرنے سے قبل متعلقہ حکام سے رابطہ کرنا چاہئے۔
دریں اثنا وادی میں مطلع ابر آلود رہنے سے شبانہ درجہ حرارت میں بہتری واقع ہوئی ہے۔
یو این آئی