سری نگر کے قمر واری و ملحقہ علاقوں میں بجلی کی آنکھ مچولی سے لوگ پریشان

سری نگر کے قمر واری و ملحقہ علاقوں میں بجلی کی آنکھ مچولی سے لوگ پریشان

سری نگر،5 جنوری:وادی کشمیر میں ٹھٹھرتی سردیوں کے بیچ سری نگر کے قمر واری اور ملحقہ علاقوں میں بجلی کی آنکھ مچولی نے لوگوں کو مزید پریشان کرکے رکھ دیا ہے۔
قمرواری علاقے سے تعلق رکھنے والے لوگوں کی ایک وفد نے یو این آئی کو بتایا کہ ہمارے علاقے بشمول برتھنہ، شالہ ٹینگ اور دیگر ملحقہ علاقوں میں بجلی کی آنکھ مچولی لوگوں کے لئے سوہان روح بن گئی ہے۔
انہوں نے کہا: ’ٹھٹھرتی سردیوں سے بچنے کے لئے جب ہم سر شام ہی گھروں میں بیٹھنے پر مجبور ہوجاتے ہیں تو بجلی کی آنکھ مچولی مزید عذاب کا باعث بن جاتی ہے‘۔
ان کا کہنا تھا کہ ہر سال کی طرح امسال بھی موسم سرما کے آتے ہی بجلی کی آنکھ مچولی کا سلسلہ شروع ہوا جو لوگوں کی پریشانیوں میں اضافے کا باعث بن گیا ہے۔
ایک اور شہری نے بتایا کہ بجلی آنکھ مچولی سے بچوں کو پڑھنے میں سب سے زیادہ مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔
انہوں نے کہا: ’ہم تو اب اندھیرے میں بیٹھنے کے عادی ہوگئے ہیں لیکن بجلی کی آنکھ مچولی سے بچوں کو پڑھنے سے شدید مشکلات سے دوچار ہونا پڑتا ہےجس سے ان کی تعلیم از حد متاثر ہو رہی ہے‘۔
ان کا کہنا تھا کہ ابھی کتاب کھولی نہیں ہوتی ہے کہ بجلی چلی جاتی ہے جس سے وہ حوصلہ شکن ہو کر پڑھنے کے بجائے سونے کو ہی ترجیح دیتے ہیں۔
لوگوں نے متعلقہ محکمے سے اپیل کی ہے کہ وہ علاقے میں شیڈول کے مطابق بجلی سپلائی کی فراہمی کو یقینی بنانے کے لئے اقدام کرے۔

Leave a Reply

Your email address will not be published.