سری نگر:ایک تازہ مغربی ہوا کی لہر کے داخل ہونے کے نتیجے میں جموں وکشمیر میں 26 جنوری کی شام سے بیشترعلاقوں میں :Lہلکی سے درمیانی درجے کی برف باری جبکہ پہاڑی علاقوں میں بھاری برف باری کا امکان ہے۔
کشمیر ویدر کے مطابق گرچہ مغربی ہوا کی یہ لہر زیادہ طاقتور نہیں ہے تاہم بالائی علاقوں میں درمیانی سے بھاری برف باری کے لئے کافی حد تک فعال ہے۔
انہوں نے کہا کہ میدانی علاقوں میں بھی برفباری کے امکانات موجود ہیں جو پیر کی رات سے شروع ہوسکتی ہے تاہم میدانی علاقوں میں برف جمع ہونے کے امکانات کم ہیں۔ان کا کہنا ہے کہ درجہ حرارت 3 سے 4 ڈگری سینٹی گریڈ کے آس پاس رہا تو تو برف کا جمائو محدود یا نہ ہونے کے برابر ہوگا۔
کشمیر ویدر کے مطابق اس وقت میدانی علاقوں میں برفباری کے امکانات 50 فیصد ہیں جبکہ معقول حد تک برف جمنے کے امکانات 30 سے 40 فیصد ہیں۔
انہوں نے کہا کہ شمالی اور وسطی کشمیر کے میدانی علاقوں میں خشک برفباری کے امکانات تقریباً 30 سے 40 فیصد ہیں جبکہ جنوبی کشمیر کے شوپیاں اور کولگام اضلاع خاص طور پر پیر پنچال کے قریب واقع علاقے نسبتاً بہتر پوزیشن میں ہیں جہاں خشک برفباری اور بہتر جمائو کے امکانات 60 سے 70 فیصد تک ہیں۔ان کا کہنا ہے کہ چناب وادی، ضلع پونچھ اور قاضی گنڈ – بانہال سیکٹر میں بھی اس سسٹم کے تحت برف باری کا امکان ہے اور دیگر علاقوں میں بارشیں متوقع ہیں۔
انہوں نے کہا کہ اس دوران چند علاقوں میں تیز ہوائیں چل سکتی ہیں تاہم تیز یا طویل دورانیے کی آندھی کا امکان نہیں ہے۔





