جموں،20ستمبر: جموں کے نوشہرا سیکٹر میں چار سے پانچ مشتبہ افراد کی نقل وحرکت کے بعد بڑے پیمانے پر تلاشی آپریشن شروع کیا گیا ہے۔
یو این آئی اردو کو معلوم ہوا ہے کہ نوشہرا سیکٹر کے ایک رہائشی علاقے میں مقامی لوگوں نے چار سے پانچ بندوق برداروں کو دیکھا جس کے بعد سیکورٹی فورسز کو اس بارے میں جانکاری فراہم کی گئی ۔
معلوم ہوا ہے کہ سیکورٹی فورسز نے منگل کے روز نوشہرا سیکٹر کے کئی علاقوں کو محاصرے میں لے کر تلاشی آپریشن شروع کیا۔
ذرائع نے بتایا کہ ڈرون کیمروں کے ذریعے علاقے میں نظر گزر رکھی جارہی ہیں جبکہ سیکورٹی فورسز کو الرٹ پر رہنے کی ہدایت دی گئی۔
عین شاہدین نے نامہ نگاروں سے بات چیت کے دوران بتایا کہ درمیانی شب علاقے میں چار سے پانچ مشتبہ افراد کو مشکوک حالت میں دیکھا گیا۔
انہوں نے بتایا کہ مذکورہ افراد کی علاقے میں موجودگی سے لوگ گھروں میں سہم کررہ گئے۔
اُن کے مطابق سیکورٹی فورسز کو درمیانی شب ہی اس بارے میں جانکاری فراہم کی گئی جس کے بعد ایک وسیع علاقے کو محاصرے میں لے لیا گیا۔
معلوم ہوا ہے کہ سیکورٹی فورسز نے اس علاقے کے داخلی اور خارجی راستوں کو سیل کرکے فرار ہونے کے سبھی راستوں پر پہرے بٹھا دئے۔
یو این آئی