سری نگر:پرنسپل سیکرٹری سکل ڈیولپمنٹ ڈیپارٹمنٹ ڈاکٹر اَصغر حسن سامون نے آج یہاں سول سیکرٹریٹ میں ٹاٹا کے ساتھ مل کر اِنجینئرنگ اکیڈمیا کو تبدیل کرنے کے لئے 40سینٹرس آف ایکسی لنس ( سی او اِی )کے قیام کی پیش رفت کا جائزہ لینے کے لئے ایک میٹنگ کی صدارت کی۔
دورانِ میٹنگ حکومت جموںوکشمیر اور ٹاٹا ٹیکنالوجیز کے درمیان 40 سینٹرس آف ایکسی لنس ( سی او اِی )کے قیام کے لئے مجوزہ اِشتراک پر تفصیلی تبادلہ خیال ہوا جن میں سے 20سینٹرس آف ایکسی لنس ( سی او اِی )رواں مالی برس میں قائم کئے جائیں گے جس کا مقصد صنعتی تربیتی اِداروں کو ٹیکنالوجی کے مرکز( ہبس) کے طور پر تبدیل کرنا ہے۔
میٹنگ میں ڈائریکٹر سکل ڈیولپمنٹ سدرشن کمار، سپیشل سیکرٹری سکل ڈیولپمنٹ ڈیپارٹمنٹ محمد اشرف، گلوبل ہیڈ گورنمنٹ پروجیکٹس اور سکل ڈیولپمنٹ ، ٹاٹا ٹیکنالوجیز سشیل کمار ، گلوبل ڈائریکٹر ایجوکیشن اینڈ سکل ڈیولپمنٹ پشکر اج کول گڈ ، پروجیکٹ منیجر جموںوکشمیر وکشمیر، ایس ڈی ڈی کے سینئر اَفسران اور دیگر متعلقین موجود تھے۔
دورانِ میٹنگ ڈاکٹر اصغر حسن سامون نے خطاب کرتے ہوئے ٹاٹا ٹیکنالوجیز کے نمائندوں پر زور دیا کہ ان مراکز کے قیام کے لئے تمام ضروریات کا پہلے سے اَچھی طرح سے مطالعہ کیا جانا چاہیے تاکہ مراکز کو وقت پر اَچھی طرح سے فعال بنایا جاسکے۔ اُنہوں نے اُنہیں ہدایت دی کہ وہ جموںوکشمیر کے آئی ٹی آئیز کے اِنتظام کے ساتھ بہتر تال میل اور ہم آہنگی پیدا کریں تاکہ یہ مراکز بروقت قائم ہوں۔پرنسپل سیکرٹری سکل ڈیولپمنٹ ڈیپارٹمنٹ ڈاکٹر اصغر حسن سامون نے اِس اقدام کے مختلف پہلوﺅں پر بات کرتے ہوئے کہا کہ آئی ٹی آئیز کی ٹیکنالوجی اَپ گریڈیشن سے نوجوانوں کے لئے بہتر روزگار کے مواقع پید اہوں گے اور جموںوکشمیر کو ان صنعتی کھلاڑیوں کے لئے سرمایہ کاری کی ایک ممکنہ منزل میں بدل دے گا جو مینو فیکچرنگ کے لئے انڈسٹری 4.0 اور سمارٹ ٹیکنالوجیز کو اپنانے کے خواہشمند ہیں۔
پرنسپل سیکرٹری نے مزید کہا کہ اِس اقدام سے ایم ایس ایم ایز کو بہت فائدہ ہوگا جو اعلیٰ درجے کے تکنیکی سازو و سامان کے متحمل نہیں ہوسکتے ہیں کیوں کہ انہیں آئی ٹی آئیز کے ساتھ ساتھ دیگر تکنیکی اِداروں میں اِستعمال کے لئے سہولیت فراہم کی جائے گی۔ڈاکٹر اَصغر حسن سامون نے مزید کہا کہ ٹاٹا ٹیکنالوجیز کے اشتراک سے ہم مستقبل کے لئے تیار کورس وئیر اور تربیتی پلیٹ فارم بنانے کے لئے اپنی پروڈکٹ اِنجینئرنگ کی مہارت اور مینو فیکچرنگ ڈومین کے علم سے فائدہ اُٹھانے کا ارادہ رکھتے ہیں جو آئی ٹی آئیز کے طلباءکو جدید ترین ٹیکنالوجیز میں اَپنی صلاحیتوں کو فروغ دینے اور تیزی سے بدلتے ہوئے ماحولیاتی نظام کا حصہ بننے کی اِجازت دیتا ہے۔
واضح رہے کہ اِس اشتراک کے تحت ٹاٹا ٹیکنالوجیز آئی ٹی آئیز میں تربیت اور ہنرمندی ، اَپ سکلنگ اور رِی سکلنگ اور انکیوبیشن او رسٹارٹ اَپس کے لئے سینٹر آف ایکسی لنس قائم کرے گی۔ٹاٹا ٹیکنالوجیز نئے سازو سامان ، مشینری اور ٹیکنالوجی کے آلات فراہم کر کے اور اِنسٹال کر کے اِس سہولیت کو بھی اَپ گریڈ کرے گی اور ٹرینروں کی تربیت بھی طے شدہ طریقے سے کی جائے گی۔
یہ اِشتراک تکنیکی اِداروں کے طلباءکے لئے ایک اِی۔ لرننگ پلیٹ فارم بھی قائم کرے گا۔ اِس اقدام کے تحت ٹاٹا ٹیکنالوجیز نئے اور اُبھرتی ہوئی تجارتوں کے لئے متعلقہ اور تازہ ترین کورس مواد تیار کرنے میں بھی مدد کرے گی۔
مزید برآں ، اِس اقدام کے تحت ٹاٹا ٹیکنالوجیز میکینک الیکٹرک وہیکل ، ایڈوانسڈ سی این سی مشیننگ ، اِنڈسٹریل روبوٹکس اور ڈیجیٹل مینو فیکچرنگ ، ایڈوانسڈ ٹولز کا اِستعمال کرنے والے کاریگر، کمپیوٹر ایڈیڈ مینو فیکچرنگ ، ایڈوانسد آٹو موبائل اِنجینئر نگ ، شارٹ ٹرم کے علاوہ این سی وِی ٹی کے ساتھ طویل مدتی این سی وِی ٹی منظور شدہ کورسز بھی پیش کرے گی۔منظور شدہ کورسز صنعتی روبوٹکس ، آٹو الیکٹریکل مینٹی ننس ، بیٹری الیکٹرک وہیکل ، ایڈوانس ایڈیٹیو مینو فیکچرنگ ، ایڈوانس پلمبنگ اور دیگر فراہم کئے جائیں گے۔
