سری نگر:لیفٹیننٹ گورنر منوج سِنہا نے آج یہاں سول سیکرٹریٹ میں محکمہ صنعت و حرفت کے کام کاج کا جائزہ لینے کے لئے ایک میٹنگ کی صدارت کی۔
دورانِ میٹنگ لیفٹیننٹ گورنر نے سرمایہ کاری کی تجاویز کی موجودہ صورتحال ، لینڈ بینک ، اِنڈسٹریل اسٹیٹس ، میڈی سٹیز پر کام کی پیش رفت ، صنعت کے رہنماﺅں کے ساتھ مفاہمت نامے، آن لائن خدمات وغیرہ کے بارے میں تفصیلی بریفنگ طلب کی۔
لیفٹیننٹ گورنر نے ڈائریکٹران صنعت و حرفت محکمہ کو ہدایت دی کہ وہ چیمبر اور اِنڈسٹری کے نمائندوں کے ساتھ باقاعدگی سے میٹنگ کریں اور ان کے مسائل او رخدشات کا جائزہ لیں۔
چیف سیکرٹری جموںوکشمیر ہر تین ماہ بعد صنعتی نمائندوں اور چیمبرس سے میٹنگ منعقد کریں گے تاکہ کاروبار کو درپیش مسائل اور چیلنجوں کو حل کیا جاسکے۔
یہ بات قابلِ ذِکر ہے کہ لیفٹیننٹ گورنر نے 25 جون کو سری نگر میں جموںوکشمیر سے اِنڈسٹری لیڈروں اور مختلف اِنڈسٹریز ایسو سی ایشنوں کے نمائندوں سے ملاقات کی اور اِسی طرح کی بات چیت اگست کے پہلے ہفتے میں جموں میں بھی ہوگی۔
لیفٹیننٹ گورنر نے جموںوکشمیر یوٹی میں سرمایہ کاری کی تجاویز کو آسان بنانے کے عمل کو تیز کرنے کے لئے واضح ہدایات جاری کیں۔
اُنہوں نے اَفسران سے کہا کہ وہ پرائیویٹ اِنڈسٹریل اسٹیٹس کی ترقی پر توجہ مرکوز کریں تاکہ جموںوکشمیر میں صنعتی ترقی کو آسان بنایا جاسکے۔
لیفٹیننٹ گورنر نے جموںوکشمیر یوٹی میں میڈی سٹیز کی ترقی پر پیش رفت کی بھی کوشش کی جس سے صحت شعبے کو تقویت ملے گی ، تعلیمی نشستوں میں اِضافہ ہوگا اور ہزاروں طبی پیشہ ور اَفراد کے لئے روزگار کے مواقع پیدا ہوں گے۔
لیفٹیننٹ گورنر نے مزید ان اقدامات کی نشاندہی کرنے پر زور دیا کہ جو جموںوکشمیر کی کاروبار کرنے میں آسانی کی درجہ بندی کو بہتر بنانے کے لئے اُٹھائے جاسکتے ہیں۔
چیف سیکرٹری ڈاکٹر ارون کمار مہتا نے محکمہ صنعت و حرفت کے ذریعے فراہم کی جانے والی آن لائن خدمات کے بارے میں صارفین سے رائے لینے کی ہدایت دی اور ان آن لائن خدمات کو اِی ۔ یواین این اے ٹی ( اِی ۔ اُنّت) کے ساتھ جوڑنے اور انہیں آر اے ایس کے ساتھ مربوط کرنے کا مشورہ بھی دیا۔
لیفٹیننٹ گورنر محکمہ صنعت و حرفت کی پیش رفت کا جائزہ لینے کے لئے ہرماہ ایک میٹنگ کی صدارت کریں گے۔
ایڈیشنل چیف سیکرٹری محکمہ صنعت و حرفت وویک بھرد واج نے محکمہ صنعت و حرفت کے مجموعی کام کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی۔
میٹنگ میں لیفٹیننٹ گورنر کے پرنسپل سیکرٹری نتیشور کمار ، ڈائریکٹر آئی اینڈ سی جموں محترمہ انو ملہوترا ، منیجنگ ڈائریکٹر سیڈکو محترمہ سمیتا سیٹھی ، ڈائریکٹر آئی اینڈ سی کشمیر ڈاکٹر محمود احمد شاہ اور دیگر سینئر اَفسران نے شرکت کی۔
منیجنگ ڈائریکٹر جے کے ٹی پی او ڈاکٹر دیونش یادو نے بذریعہ ورچیول موڈ میٹنگ میں حصہ لیا۔