سری نگر، 17مارچ: شمالی ضلع بارہ مولہ کے کرہامہ کنزر علاقے میں سیکورٹی فورسز نے جنگجو معاون کو اسلحہ وگولہ بارود سمیت حراست میں لینے کا دعویٰ کیا ہے۔
پولیس کے ایک ترجمان نے بتایا کہ بارہ مولہ کے کرہامہ کنزر علاقے میں مشتبہ افراد کی نقل وحرکت کی اطلاع موصول ہونے کے بعد 2 آر آر، 176 بٹالین سی آر پی ایف اور پولیس نے جمعرات کے روز جنگجو مخالف آپریشن شروع کیا جس دوران لشکر طیبہ (ٹی آر ایف ) سے وابستہ ایک جنگجو کو گرفتار کیا گیا۔
انہوں نے جنگجو اعانت کار کی شناخت وسیم احمد وار ولد محمد اسماعیل وار ساکن کرہامہ کنزر کے بطور کی ہے۔
پولیس ترجمان نے بتایا کہ گرفتار اعانت کار کے قبضے سے ایک گرینیڈ ،2 اے کے میگزین اور 20 گولیوں کے راونڈ برآمد کرکے ضبط کئے گئے۔
پولیس نے اس ضمن میں پولیس تھانہ کنزر میں کیس درج کرکے مزید تحقیقات شروع کی ہے۔
یو این آئی