کشمیر: باغ گل لالہ رواں ماہ کی 23 تاریخ کو سیاحوں کے لئے کھولا جائے گا : حکام

کشمیر: باغ گل لالہ رواں ماہ کی 23 تاریخ کو سیاحوں کے لئے کھولا جائے گا : حکام

سری نگر، 17مارچ:سری نگر میں شہرہ آفاق جھیل ڈل کے کناروں اور دلکش زبرون پہاڑیوں کے دامن میں واقع ایشیا کے سب سے بڑے باغ گل لالہ کو سیاحوں کے لئے سجانے سنوارنے کے لئے کام شد ومد سے جاری ہے۔

بتادیں کہ باغ گل لالہ کو رواں ماہ کی 23 تاریخ سے سیاحوں کے لئے کھولا جا رہا ہے۔
یو این آئی کے ایک نامہ نگار نے جمعرات کو باغ کا دورہ کرکے بتایا کہ باغ کو سیاحوں کے لئے سجانے سنوارنے کا کام شد ومد سے جاری ہے۔

انہوں نے کہا کہ وہاں باغبان پودوں کی سینچائی و کھدائی و دیگر امور انجام دینے میں مصروف عمل ہیں۔
موصوف نے کہا کہ قریب 6 سو کنال اراضی پر محیط اس باغ گل لالہ میں لاکھوں اقسام کے خوبصورت اور دلپذیر ٹولپ پودوں کو لگایا گیا ہے اور باغ جنت کا نظارہ پیش کررہا ہے۔
باغ کے ایک منتظم نے بتایا کہ امسال کافی زیادہ تعداد میں سیاحوں کے آنے کی امید ہے کیونکہ سال گذشتہ تمام تیاریوں کے بعد یہاں کوئی نہیں آسکا۔

انہوں نے کہا کہ باغ کو سیاحوں کے لئے پوری طرح سے تیار کیا جا رہا ہے اور ہم دعوے سے کہتے ہیں جو بھی سیاح اس کی خوبصورتی سے لطف اندوز ہونے کے لئے ایک بار یہاں آئے گا وہ پھر ہر سال یہاں آتا رہے گا۔
دریں اثنا اسسٹنٹ فلور کلچر آفیسر ٹولپ گارڈن انعام الرحمن نے یو این آئی کو بتایا کہ ایشیاءکے سب سے بڑے باغ گل لالہ کو 23 مارچ کو سیاحوں کے لئے کھولا جا رہا ہے۔

انہوں نے بتایا کہ قریب چھ سو کنال اراضی پر محیط باغ گل لالہ میں اس سال 68 اقسام کے زائد 15لاکھ ٹیولپ بلب موجود ہیں۔

اُن کے مطابق اس باغ کو جاذب نظر بنانے کی خاطر رواں سال مختلف اقسام کے درخت بھی لگائے گئے ہیں۔

آفیسر موصوف نے بتایا کہ ٹیولپ گارڈن کے مشرق میں ساکورا باغ بنایا جارہا ہے جس پر کام شدو مد سے جاری ہے ۔

انہوں نے کہاکہ اس باغ میں عمارتوں پر کام مکمل ہو چکا ہے اور یہ سیاحوں کو اپنے اور راغب کرئے گا۔
انہوں نے مزید بتایا کہ رواں سال ٹیولپ فیسٹیول بھی منعقد ہونے جارہا ہے اورا س حوالے سے تاریخ کا تعین بعد میں کیا جائے گا۔

انعام الرحمن نے کہا کہ میلےکے دوران سیاحوں کی تفریح کے لئے کچھ خاص مہمانوں کو بھی مدعو کرنے کا امکان ہے۔

انہوں نے کہا کہ وادی میں کورونا پابندیاں ہٹائے جانے کے بعد اس سال لوگ ٹیولپ کے خوبصورت پھولوں کے نظاروں سے لطف اندوز ہوں گے۔

قابل ذکر ہے کہ کشمیر کے باغ گل لالہ کو ورلڈ ٹولپ سوسائٹی نے سال 2014 میں دنیا کا دوسرا خوبصورت ترین باغ قرار دیا تھا۔

یو این آئی

Leave a Reply

Your email address will not be published.