جموں میں گرمی کی شدت عروج پر، رواں موسم کا گرم ترین دن ریکارڈ، وادی میں بھی درجہ حرارت معمول سے گیارہ ڈگری زیادہ

جموں میں گرمی کی شدت عروج پر، رواں موسم کا گرم ترین دن ریکارڈ، وادی میں بھی درجہ حرارت معمول سے گیارہ ڈگری زیادہ

سری نگر،16 مارچ: جموں وکشمیر کے سرمائی دارالحکومت جموں میں گرمی کی شدت میں روز افزوں ہورہے اضافے سے لوگ بے حال ہورہے ہیں۔

بدھ کے روز جموں میں رواں موسم گرما کا گرم ترین دن ریکارڑ کیا گیا جب پارہ 35 ڈگری سینٹی گریڈ درج کیا گیا۔
وادی کشمیر میں بھی بدھ کے روز درجہ حرارت 25.5 ڈگری سینٹی گریڈ درج کیا گیا جو معمول سے 11 ڈگری زیادہ ہے۔
محکمہ موسمیات کے ایک عہدیدار نے بتایا کہ بدھ کے روز جموں میں زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 35 ڈگری سینٹی گریڈ درج کیا گیا جو معمول سے نو ڈگری زیادہ ہے ۔
انہوں نے بتایا کہ اگلے چند دنوں کے دوران جموں میں درجہ حرارت میں مزید اضافہ کا امکان ہے۔
اُن کے مطابق ضلع ڈوڈہ کے بدرواہ قصبے بدھوار کے روز زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 30.4 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جو ایک ریکارڈ ہے۔
انہوں نے بتایا کہ 31 مارچ 2018 کو بدرواہ میں درجہ حرارت 30 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا تھا۔
محکمہ موسمیات کے ماہر فیضان نے یو این آئی اردو کو بتایا کہ پچھلے دو ہفتوں سے دیکھا گیا کہ وادی کشمیر میں زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت معمول سے 11 ڈگری زیادہ ہے۔
انہوں نے بتایا کہ دریائے جہلم میں پانی کی سطح بلند ہو چکی ہے جو اس بات کی اور اشارہ کررہا ہے کہ مارچ کے مہینے میں ہی گلیشئر پگھلنے شروع ہو گئے ہیں ۔
اُن کے مطابق درجہ حرارت میں مسلسل اضافہ ہاٹی کلچر اور اگریکلچر شعبے کو متاثر کرسکتا ہے کیونکہ اگر گلیشر قبل از وقت ہی پگھلنے شروع ہو گئے تو موسم گرما میں پانی کی قلت پیدا ہونا قدرتی امر ہے۔
دریں اثنا سری نگر میں بھی بدھ کے روز درجہ حرارت میں غیر معمولی اضافہ دیکھنے کو ملا ہے ۔
محکمہ موسمیات کے مطابق بدھ کے روز سری نگر میں درجہ حرارت 25.5 ڈگری سینٹی گریڈ درج کیا گیا اور آنے والے دنوں کے دوران درجہ حرارت میں مزید اضافے کا امکان ہے۔
انہوں نے بتایا کہ 19مارچ کو کم شدت والی مغربی ہوائیں وادی کشمیر کی پہاڑوں سے ٹکرائے گی جس دوران کچھ علاقوں میں بارشیں ہو سکتی ہے۔
یو این آئی

Leave a Reply

Your email address will not be published.